ضمنی الیکشن: شتروگھن سنہا اور بابل سپریو ٹی ایم سی امیدوار نامزد

0

کولکاتا (پی ٹی آئی) : مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آسنسول پارلیمانی سیٹ پر ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے شتروگھن سنہا اور بالی گنج اسمبلی سیٹ پر ضمنی الیکشن کیلئے بابل سپریو کو اتوار کو ترنمول کانگریس کا امیدوار نامزد کیا۔ ٹی ایم سی کی سربراہ نے ٹویٹ کیا کہ ’کل ہند ترنمول کانگریس کی جانب سے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ آسنسول لوک سبھا سیٹ کے ضمنی الیکشن میں سابق مرکزی وزیر اور معروف اداکار شتروگھن سنہا ہمارے امیدوار ہوں گے۔‘انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’سابق مرکزی وزیر اور معروف گلوکار بابل سپریو بالی گنج اسمبلی سیٹ کے ضمنی الیکشن میں ہمارے امیدوار ہوں گے۔ جے ہند، جے بنگلہ، جے ماں-ماٹی-مانس۔‘آسنسول لوک سبھا سیٹ سے 2 بار بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رہنے والے سپریو کے گزشتہ سال پارٹی چھوڑنے اور ٹی ایم سی میں شامل ہونے کے بعد یہ سیٹ خالی ہو ئی تھی۔ وہیں بالی گنج اسمبلی سیٹ ریاست کے وزیر سبرت مکھرجی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
سپریو نے ممتابنرجی کو لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع دینے کیلئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں دیدی کو ریاست کے لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع دینے کیلئے شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں اور میں ان کا شکر گزار ہوں اور ریاست کی ترقی کیلئے کام کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔ بی جے پی کے سابق ممبر پارلیمنٹ گزشتہ سال ٹی ایم سی میں شامل ہوئے تھے،جب انہیں مرکزی کابینہ میں پھیر بدل کے بعد وزیر کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا تھا۔ سنہا نے پچھلے سال کے اسمبلی الیکشن کے بعد ممتابنرجی کی تعریف کی تھی، جس کے بعد ان کے ٹی ایم سی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں ہورہی تھیں۔ ’بہاری بابو‘ کے نام سے مشہور شتروگھن سنہا اکثر کہا کرتے ہیں کہ ’سیاست امکانات کا فن ہے‘۔ وہ 80 کی دہائی کے اوائل میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے، جب یہ 2ارکان پارلیمنٹ کی پارٹی تھی اور واجپئی- اڈوانی دور میں انہوں نے پارٹی کے اسٹار پرچارک کے طور پر کام کیاتھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS