راجیوگاندھی کے قتل کے قصوروار کی ضمانت منظور

0

نئی دہلی (پی ٹی آئی) : سپریم کورٹ نے 30سال طویل جیل کی سزا کاٹنے اور پے رول کے دوران کسی طرح کی شکایت نہ ملنے کی بنیاد پر سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قاتل اے جی پیراریولن کی ضمانت بدھ کو منظور کرلی۔ وہ راجیوگاندھی کے قتل کے معاملے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس بی آر گوئی کی بنچ نے ان دلائل کا نوٹس لیا جس میں کہاگیاہے کہ قصوروار پیراریولن 30سال تک جیل میں رہا ہے اور اس کا برتاؤ اطمینان بخش رہاہے، خواہ وہ جیل کے اندر ہو یا پے رول کی مدت کے دوران۔بنچ نے پیراریولن کوہر ماہ کے پہلے ہفتہ میں چنئی کے نزدیک مقامی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ عرضی گزار کی ضمانت پر رہائی کیلئے وہاں کی مقامی عدالت اضافی شرائط طے کرے گی۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ’اس حقیقت کو لے کر کوئی تنازع نہیں ہے کہ عرضی گزار نے 32سال جیل میں گزارے ہیں۔ہمیں اطلاع دی گئی ہے کہ اس سے پہلے اسے 3 بار پے رول پر رہا کیاگیاہے اور اس کے خلاف اس دوران کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔‘ عدالت نے اس دلیل کا بھی نوٹس لیا کہ فی الحال پیراریولن پے رول پر ہی ہے اور سزا کی طویل مدت کے دوران اس کے اچھے برتاؤ کے خاطرخواہ ثبوت موجود ہیں۔ بنچ نے اس بات پر بھی غور کیا کہ پیراریولن نے عمر قید کے دوران تعلیمی صلاحیت بھی حاصل کی ہے اور وہ خراب صحت سے بھی گزر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS