کرپٹو کرنسی کی قانونی حیثیت اور حکم شرعی

0

سراج الدین فلاحی

روز اول سے اولاد آدم نے تبادلے کو آسان بنانے کے لیے مختلف تجربات کیے اور صدیوں تک مختلف اشیا کو ذریعہ مبادلہ کے طور پر استعمال کرنے کے بعد اب وہ ڈیجیٹل کرنسی تک پہنچنا چاہتا ہے۔ کرنسی ہارڈ منی کو کہتے ہیں جیسے سکے، نوٹ وغیرہ۔ ہارڈ منی کے ساتھ سب سے بڑی پریشانی یہ ہے کہ اسے پرنٹ کرنا پڑتا ہے اور پھر اسے تقسیم کرنا پڑتا ہے۔ چونکہ نوٹوں کی چھپائی اور اس کی تقسیم میں خرچ آتا ہے، اس لیے اب یہ مانا جا رہا ہے کہ آنے والا وقت ڈیجیٹل کرنسی کا ہو گا۔ ڈیجیٹل کرنسی کے آنے کے بعد کرنسی کو چھاپنا نہیں پڑے گا۔ ڈیجیٹل کرنسی کا مطلب حکومت کا یہ کہنا ہے کہ وہ پانچ لاکھ کروڑ روپیوں کو بغیر پرنٹ کیے ڈیجیٹل فام میں لانا چاہتی ہے۔ ڈیجیٹل کرنسی کو کیش میں نہیں لایا جا سکتا، اس کو صرف ڈیجیٹل والیٹ میں ہی رکھا جا سکتا ہے۔ آپ کے Paytm میں موجود روپے کو ڈیجیٹل کرنسی اس لیے نہیں کہا جاتا، کیونکہ Paytm میں موجود روپے کو حکومت کیش میں لا چکی ہوتی ہے اور آپ جب چاہیں اسے کیش میں بدل سکتے ہیں جبکہ ڈیجیٹل کرنسی کے ساتھ ایسا نہیں ہے، کیونکہ ڈیجیٹل کرنسی کو کسی بھی ہارڈ فام میں نہیں لایا جا سکتا۔
انڈیا میں کرنسی جاری کرنے کا اختیار صرف حکومت اورآر بی آئی کو ہے۔ گزشتہ ماہ بجٹ پیش کرتے وقت جیسے ہی وزیر مالیات نے کرپٹو سے کمائی ہونے پر حکومت کو 30 فیصد ٹیکس دینے کا اعلان کیا، کئی سوالات ابھر کر سامنے آئے کہ کیا حکومت اسے کرنسی مانتی ہے؟ کیا اسے قانونی طور پر تسلیم کر رہی ہے؟ اگر اسے قانونی طور پر تسلیم نہیں کر رہی ہے تو اس پر ٹیکس کا کیا مطلب؟ قابل غور بات یہ ہے کہ آر بی آئی کرنسی جاری کرتا ہے اور اس سے کمائی ہونے پر حکومت ٹیکس لگاتی ہے لیکن کرپٹو کو آر بی آئی جاری نہیں کرتا اور حکومت اسے غیر قانونی بھی مانتی ہے تو حکومت ٹیکس کیسے لے سکتی ہے؟ جیسے ہی بجٹ کے بعد وزیر مالیات پارلیمنٹ سے باہر آئیں، ان سے سوال کیا گیا کہ جب آپ اسے قانونی طور پر تسلیم نہیں کر رہی ہیں تو اس پر ٹیکس کیسا؟ انہوں نے جواب دیا کہ ہم اسے صرف ڈیجیٹل اثاثہ مانتے ہیں اور ظاہر ہے، اثاثوں پر ٹیکس لگتا ہے۔ اس طرح الفاظ میں الجھا کر بہت سارے سوالات کے ادھورے جوابات دے کر وزیر مالیات نکل گئیں۔ تو گویا یہ ایک ایسا انوکھا اثاثہ ہوا جسے آپ دیکھ نہیں سکتے، چھو نہیں سکتے اور نہ ہی اس کا استعمال کر سکتے ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ حکومت اس پر ٹیکس کیسے لگائے گی؟ دوسرے الفاظ میں یوں کہیں کہ حکومت کو کیسے معلوم ہو گا کہ آپ کے پاس کرپٹو کرنسی ہے اور آپ اس سے نفع بھی کما رہے ہیں۔ چونکہ کرپٹو کوئی ہارڈ کرنسی نہیں ہے جسے آپ کیش میں ایک ہاتھ سے ادا کر کے دوسرے ہاتھ سے لے لیں گے۔ آپ جب بھی کرپٹو خریدیں گے تو اپنے بینک یا موبائل فون سے پیسے دے کر خریدیں گے۔ بالفرض آپ نے دس ہزار روپے کی کرپٹو خریدی اور وہ آپ کے ڈیجیٹل والیٹ میں آگئی، حکومت کو اس سے کوئی پریشانی نہیں ہے کہ آپ نے کرپٹو خریدی ہے۔ چند ماہ کے بعد اگر اس کی ویلیو بڑھ کر ایک لاکھ ہو جاتی ہے تو بھی حکومت کو اس سے کوئی پریشانی نہیں ہے، البتہ جب آپ اسے بیچ کر انڈین روپے میں بدلیں گے تب حکومت کو مطلب ہو گا اور آپ کو اس پر ٹیکس دینا ہوگا۔ مثال کے طور پر آپ نے دس لاکھ روپے کا ایک فلیٹ خریدا اور اس کی قیمت بڑھ کر ایک کروڑ ہو گئی تو جب تک آپ فلیٹ فروخت نہیں کرتے، حکومت کو کوئی سروکار نہیں ہوتا لیکن جیسے ہی آپ فلیٹ سیل کرتے ہیں، حکومت منافع پر ٹیکس لگا دیتی ہے۔ اسی طرح کرپٹو کا معاملہ بھی ہو گا۔
اب تک مانا جا رہا تھا کہ کرپٹو ایک کرنسی ہے لیکن وزیر مالیات کے مطابق یہ ایک ایسا ڈیجیٹل اثاثہ ہے جس کے لین دین پر 30 فیصد ٹیکس لگے گا۔ جب حکومت کسی شے پر ٹیکس لگاتی ہے تو اسے ریگولرائز کرنے کا عمل شروع کر دیتی ہے اور مکمل طور پر اس کا ایک روڈمیپ بناتی ہے۔ اس سے ایسا لگتا ہے کہ اب حکومت جلد اسے قانونی طور پر تسلیم کر لے گی لیکن ایسا کرنا حکومت کے لیے آسان بھی نہیں ہے، کیونکہ حکومت کو کرپٹو کو کرنسی بنانے کے لیے پہلے آر بی آئی ایکٹ میں ترمیم کرنی ہو گی اور ترمیم کرنے کے لیے پارلیمنٹ کی منظوری لینی ہو گی۔ وزیر مالیات جب پارلیمنٹ میں آر بی آئی بل امینڈمنٹ لے کر آئیں گی تو یقینا اس پر سیاسی مباحثہ ہو گا اور ان سے بہت سارے سوالات ہوں گے کہ ڈیجیٹل روپیہ کیسا ہو گا؟ اس کے Safeguard کیا ہوں گے؟ اسے ریگولیٹ کیسے کریں گے؟ وغیرہ وغیرہ۔ ہو سکتا ہے، حزب اختلاف اسے اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیجنے کی ڈیمانڈ کرے۔ اگر یہ بل اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس چلا گیا تو پھر اس میں وقت لگ سکتا ہے، لہٰذا جب تک یہ بل پارلیمنٹ میں نہیں آتا، کسی کے پاس مکمل علم نہیں ہے کہ اس کا روڈ میپ کیا ہو گا۔ حکومت کو فائدہ یہ ہو گا کہ کرپٹو کرنسی کی شکل میں جتنے بھی لین دین ہوں گے، حکومت نہ صرف انہیں آسانی سے ٹریک کر سکے گی بلکہ اس پر ٹیکس بھی لگا سکے گی اور یہ دیکھ سکے گی کہ معیشت میں کیا چل رہا ہے۔ ساتھ ہی حکومت کو کاغذ اور چھپائی کے خرچ سے بھی نجات مل جائے گی لیکن حکومت کے لیے اس کا سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ اگر کوئی اسے غیر ملکی کرنسی سے بدل کر انڈیا میں لائے گاتو حکومت کچھ بھی نہیں کر سکے گی۔ مثلاً: کسی نے دس لاکھ کی کرپٹو خریدی اور وہ ایک کروڑ کی ہو گئی تو وہ اسے آسانی سے کسی ایسے ملک کی کسی فرضی کمپنی میں شفٹ کر دے گا جہاں کرپٹو کو قانونی حیثیت حاصل ہے۔ پھر وہاں کی کرنسی سے انڈیا کے اسٹاک مارکیٹ میں پیسہ لگا دے گا۔ گویا روپیہ مختلف ممالک کا چکر کاٹ کر یہیں آ جائے گا۔
اب سوال یہ ہے کہ ہم مسلمان کیا کریں؟ کیا کرپٹو میں تجارت کرنا شرعی طور پر جائز ہے؟ دیکھیں، اس وقت دنیا میں کاغذی کرنسی کا چلن ہے۔ کاغذی کرنسی کی اپنی کوئی قدر نہیں ہوتی، اس کی قدر اس وقت ہوتی ہے جب اس کی پشت پر حکومتیں اور اس کے سینٹرل بینک ہوتے ہیں یعنی کسی بھی کرنسی کی قدر کی ضمانت اس ملک کی حکومت یا اس کا سینٹرل بینک دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب کوئی ملک اپنی کرنسی کی قانونی حیثیت ختم کرتا ہے تو وہ کرنسی محض کاغذ کا ایک ٹکڑا بن کر رہ جاتی ہے۔ ٹھیک یہی معاملہ کرپٹو کے ساتھ ہے۔ یہ ایک ڈی سینٹرلائزڈ کرنسی ہے۔ اس کرنسی کا اپنا کوئی ٹھوس وجود نہیں ہے، نہ ہی یہ اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ ہے، نہ ہی یہ ہمارے ملک کی حکومت یا اس کے سینٹرل بینک کے تابع ہے، نہ ہی اس کے پیچھے کوئی مارکیٹ ہے جس میں ڈیمانڈ اور سپلائی کے اصولوں کو مدنظر رکھا جاتا ہو، نہ ہی اس کی قدر کے گھٹنے اور بڑھنے کی ایسی کوئی بنیاد ہے اور نہ ہی اس کی پشت پر ایسا کوئی منظم اور مربوط ادارہ ہے جس پر بھروسہ ہو، اس لیے اس کا استعمال بہت سارے خدشات کو جنم دیتا ہے۔ اگر آپ کا پیسہ ڈوب جاتا ہے تو آپ کسی پر دعویٰ بھی نہیں کر سکتے۔ چنانچہ جب تک کوئی حکومت یا اس کا سینٹرل بینک اس کی گارنٹی نہ لے لے، یہ کرنسی دھوکہ ہے اور اس سے دور رہنا بہتر ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ مستقبل کی کرنسی ہے اور جس طرح حکومت اس پر ٹیکس لگانے کی بات کر رہی ہے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت جلد اسے منظوری دے دے گی۔ اگر حکومت اسے قانونی طور پر تسلیم کر لیتی ہے تو اس کے استعمال میں کوئی مضائقہ نہیں اور اس میں تجارت کرنا شرعا جائز بھی ہو گا۔
[email protected]

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS