اس بار بی جے پی 300 کے پار

0

مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر سے سہارا سمے نیوز نیٹ ورک کے گروپ ایڈیٹر رمیش اوستھی کی خاص بات چیت۔
سوال:چھٹے مرحلے کے بعد بی جے پی کی کیا صورتحال ہے؟۔
جواب:2014،2017، 2019 میں اترپردیش کے عوام نے مودی جی کی ایمانداری ، بہتر حکمرانی اور ترقیاتی ماڈل پر اپنی مہر لگائی اور کمل کھلانے کا کام کیا۔ ان تینوں انتخابات میں یوپی کے عوام نے بی جے پی کو مکمل اکثریت دی۔ پانچ سال پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں، بی جے پی نے جو وعدہ کیاتھا، غنڈہ راج، مافیا راج سے آزاد اترپردیش، خواتین کی سیکورٹی، احترام اور حقوق دیں گے اور اترپردیش کی چہار رخی ترقی کریں گے۔ پانچ برسوں کے بعد میں کہہ سکتا ہوں کہ 43 لاکھ غریبوں کو مکان دیا، ہر گھر کو بجلی دی، ہر گاؤں تک بجلی پہنچایا، ہر بہن کو گھریلو سلنڈر گیس دیا، 30 ہزار پنچایتوں کو نل سے صاف پانی دینے کا کام پورا کیا اور ساتھ ہی 15کروڑ لوگوں کو 5لاکھ روپے کا علاج مفت دینے کا کام کیا اور 15کروڑ غریبوں کو مہینے میں دوبار مفت راشن دینے کا کام کیا ہے۔ ویکسین کا ڈبل ڈوز بھی مفت میں دیا۔لوگ مانتے ہیں کہ مودی جی اور یوگی جی کی ایماندار شبیہ ہے اور اس کا پورا فائدہ بی جے پی کو ملے گا۔ اگر میں اعدادوشمار کی بات کروں تو ریاست میں 300 سے زیادہ سیٹوں پر بی جے پی قابض ہوگی۔یوپی میں نئی تاریخ رقم ہوگی۔ بہتر حکمرانی، ترقی کے نام پر اور سب کی بہبود کیلئے کام کریں گے۔ مودی جی اور یوگی جی نے ذات و مذہب سے اوپر اٹھ کر کام کیا ہے ۔
سوال: پچھلی بار کی سیاست میں سہیل دیو پارٹی اور سوامی پرساد موریہ ساتھ تھے، اس بار یہ سماج وادی اتحاد کے ساتھ ہیں۔ اس کا کیا اثر دیکھنے کو ملے گا؟۔
جواب: اپنا دل ہو یا نشاط پارٹی، یہ دونوں ہی بی جے پی کے ساتھ ہیں اور آپ پرانی تاریخ نکال کر دیکھئے، یہ لوگ بی جے پی کے ساتھ آئے تو رکن اسمبلی بن پائے۔اس سے پہلے رکن اسمبلی بھی نہیں تھے، کچھ لوگ ایسے ہیں جو پانچ سال بعد نیا سوامی ڈھونڈنے چلتے ہیں، عوام کہیں نہ کہیں یہ سبھی باتیں دیکھتے ہیں۔ پانچ سال تو یہ مودی-یوگی کا گن گان کرتے ہیں، 4دن کے بعد پاسا پلٹ دیتے ہیں۔ اگر اتنے ہی مضبوط ہیں تو اپنے پڈرونا علاقہ کو چھوڑ کر کیوں آگئے۔ کہیں نہ کہیں زمین کھسکنے کا ڈر ہے، جب کرہل سے اکھلیش لڑھکنے والے ہیں تو یہ کیوں نہیں لڑھکیں گے۔
سوال: ایس پی اتحاد 300یونٹ بجلی فری، پنشن بحال کرنے کی بات کررہا ہے اور انہیں لگتا ہے کہ یہ باتیں بی جے پی پر حاوی ہیں؟۔
جواب: جو دیتے تھے ٹینشن، وہ کیا دیں گے پنشن۔ ان کے وقت میں 300 روپے ملنے والا پنشن بھی بند کردیاگیا۔ ایس پی سرکار نے بزرگ، بیوہ اور معذوروں کیلئے کیا کیا؟۔ جبکہ یوگی سرکار نے 300 روپے کی پنشن کو بڑھا کر 1000روپے کردیا اور 1500 روپے کرنے والے ہیں، جو ٹوٹی چوری کرتے ہیں، وہ روٹی کہاں سے دیں گے؟ ٹوٹی چوری کرنے والے کے دوست عطر والے ہیں، جن کے گھروں کے دیواروں سے گڈیاں ہی گڈیاں ملیں۔ اکھلیش سرکار کے وقت لوگ بجلی کی تاروں پرکپڑے سکھاتے تھے، جہاں بجلی نہیں آتی تھی، وہاں بجلی مفت کہاں سے دیں گے۔ یہ محض اعلان ہے، زمین پر کچھ نہیں دیں گے۔ ملائم یا اکھلیش 5-5 سال تک اقتدار میں رہے، اس کے باوجود اولڈ پنشن اسکیم نافذ نہیں کرپائے۔ ویکسین کے بارے میں بولا کہ یہ بی جے پی کی ویکسین ہے، لیکن یوپی کے 28کروڑ عوام نے ویکسین لگوائی۔ عوام بہت سمجھدار ہیں، پہلے کانگریس کی اور اب ایس پی اور بی ایس پی کی صفائی کریں گے، جیسے یوگی جی نے ملیریا اور مافیا کی صفائی کی۔
سوال: کسان تحریک کا الیکشن پر کتنا اثر پڑے گا؟۔
جواب: کسانوں کو لاگت پلس50 فیصد منافع ہماری سرکار نے دیا۔ مودی جی نے ڈیڑھ گنا زیادہ قیمت دی۔دوگنی سے زیادہ خرید کی۔ پچھلے7سالوں سے پیسہ بھی زیادہ دیا۔ گنے کی خرید کی ایس پی اور بی ایس پی کے بقایہ ادائیگی کو یوگی سرکار نے دیا۔ ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپیہ پیمنٹ کیا۔ ساتھ ہی ہم نے کہاکہ 14دن کے اندر پیمنٹ نہیں ہوا تو سود سمیت ادائیگی کریں گے۔ 21 چینی مل اکھلیش نے بند کروادیئے، یوگی جی نے کھلوائے۔
سوال:پورے الیکشن میںبی جے پی کے کیا کیاایشوز رہے ہیں۔ کون کون سا ایشو اپوزیشن کی جانب سے حاوی رہا ہے؟۔
جواب: اپوزیشن کے پاس کوئی ایشو نہیں تھا۔ ایماندار شبیہ کے مودی جی- یوگی جی نے یوپی کی چوطرفہ ترقی کی۔ اس پر کوئی سوال نہیں کھڑا کرسکتا۔ کاشی کا 80گھاٹ ہو یا کروز، ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشن، رنگ روڈ، کینسر اسپتال، یاتزئین کاری، کاشی وشوناتھ ، یہ سبھی کام مودی اور یوگی جی نے کیا، جو کاشی کو سنوارے، وہ مودی جی سب کے پیارے۔
سوال: کسان تحریک کی وجہ سے مغربی یوپی میںبی جے پی کمزور ہوتی دکھائی دے رہی تھی۔ امت شاہ اور مودی جی کے دورے کے بعد وہاں کی صورتحال کافی بدلی ہے۔ آپ کو کیا لگتا ہے کہ دورے کے بعد کیا اثر رہا؟۔
جواب: کسانوں سے بات چیت ہم نے 11مرحلوں میں کی۔ ملک بھر کے کسان خوش تھے، لیکن اگر کمی بھی رہی تو ہمیں سمجھانے میں تو اسے بھی پورا کرنے کا کام مودی جی نے کیا اور آگے بھی کریں گے۔ کسانوں کی آمدنی بڑھانے کا کام مودی جی نے کیا۔ یوپی اے کے 10سال کی خرید سے زیادہ ہم نے 5سال میں ایم ایس پی میں خرید نے کا کام کیا۔
سوال: یوپی کے قانون وانتظام میں بابا جی کا بلڈوزر کتنا موثر ہوگا؟۔
جواب: بلڈوزر وہاں چلتا ہے، جہاں مافیا نے سرکار کی، غریب کی، تاجروں کی زمین پر قبضہ کررکھا ہے۔ 64ہزار ہیکٹیئر زمین خالی کروائی اور اس پر یونیورسٹی اور اسپتال بنانے کا کام کیا۔ غریبوں کیلئے پکے مکان بنوائے، پھر آئیں گے تو رہائشی زمین کے پٹے بھی دیں گے اور مافیاؤں سے زمین چھڑوانے کیلئے بلڈوزر چلواتے بھی رہیںگے۔
سوال: تو کتنی سیٹیں اس بار؟۔
جواب: اس بار بی جے پی 300 کے پار۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS