دارالعلوم فیض محمدی ہتھیاگڈھ میں تکمیل حفظ قرآن کی تقریب کا انعقاد

0

رپورٹ: عبید الرحمٰن الحسینی

دارالعلوم فیض محمدی ہتھیا گڈھ میں جشن تکمیل حفظ قرآن کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت دارالعلوم کے سربراہ اعلیٰ حضرت مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے کی جب کہ نظامت کے فرائض مفتی احسان الحق قاسمی نے انجام دیئے، مذکورہ تقریب میں اساتدہ کرام و طلباءکے علاوہ حفاظ کرام کے والدین و عزیزو اقارب کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔اس تقریب کے موقع پر دارالعلوم کے سربراہ اعلیٰ حضرت مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے حفاظ کرام ( محمد عفان ابن حافظ ذبیح اللہ گبڑوا، اسلم حسین ابن تفویض دھریچی، ذبیح اللہ ابن محمد اسماعیل کلہوئی بازار) کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے قرآن کی عظمت اور اس کی فضیلت پر پر مغز خطاب کیا ، انہوں نے کہا کہ: اللہ کی ذات سب سے بڑی ہے، اس لئے اس کا کلا م بھی سب سے اعلیٰ وارفع ہے، دنیا میں اس کلام سے بڑھ کر جادو اثر ، پر سوز ، شیریں اور سہل کلام یقینا ناپید ونایاب ہے ،خداوندقدوس کلام اس قدر فائق وممتاز ہے،کہ روئے زمین پر کوئی کلام اس کا ہم پلہ نہیں ہوسکتا، کہ اس کے ایک حرف کی تلاوت پر دس نیکیاں ملتی ہیں، اس کلام کا کسی بندے کے سینے میں آجانا کسی عظیم سعادت سے کم نہیں ہے۔سربراہ اعلیٰ نے مزید کہا کہ: اس کتاب کی تاثیر ہے کہ وہ دلو ں کو اپنا بنا لیتی ہے ، اس لئے اس سے رشتہ مضبوط کرنا چاہئے، کیوں کہ دنیا جانتی ہے کہ مسلمان جب تک قرآن وسنت کے ساتھ وابستہ رہے، اس وقت تک بڑے بن کر عزت وقوت اور شان وشوکت کے ساتھ رہے، لیکن جب مسلمانوں کا رشتہ قرآن سے ختم ہوگیا یا کمزور پڑگیا، تو وہ ذلیل ورسوا ہوگئے۔ اہل ایمان کو قرآن سے اپنے رشتہ کو مضبوط کرنا چاہئے ،اور تلاوت کے ذریعہ تعلق گہرا کرنا چاہئے ، بلاشبہ دین ودنیا کی کامیابی اسی میں ہے۔دارالعلوم کے ناظم اعلیٰ مولانا سعد رشید ندوی نے حفاظ کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ: قرآن کے الفاظ کی تلاوت اور اس کے معانی پر عمل کرنے سے ہی دین ودنیا دونوں میں کامیابی ہے۔ ہمیں دو لوگوں پر رشک کرنا چاہئے ، ایک وہ جس کو اللہ کریم نے قرآن کی دولت عطا فرمائی، او ر دن رات اس میں مشغول رہتا ہے ، دوسرے وہ جس کو حق تعالیٰ شانہ نے مال کی نعمت عطا فرمائی ہو اور وہ دن رات اس کو لٹاتا رہتا ہے۔ادارہ کے مہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ: بلا شبہ یہ قرآن پاک کا اعجاز ہے کہ معصوم بچوں کے سینوں میں اتنی ضخیم کتاب نہایت آسانی سے اور قلیل مدت میں محفوظ ہوجاتی ہے، انہوں نے کہا کہ: حفظ قرآن کی برکت سے قیامت کے دن حافظ قرآن اپنے والدین کے لئے تاج پوشی کا ذریعہ بنے گا، نیز اسے اپنے خاندان کے دس لوگوں کی سفارش کا حق بھی ملے گا اور قرآن کی برکت سے ان کی سفارش بھی قبول کی جائے گی ، نیزحفظ قرآن کی برکت یہ ہے کہ حفظ قرآن کے ثمرات سے صرف حافظ ہی نہیں بل کہ پورا گھر فیض یاب ہوتا ہے۔ حفاظ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ سبھی موفق من اللہ ہیں ، اور خدا کی مشیئت آپ کے ارادے کے ساتھ ہے،چوں کہ آپ لوگوں نے قرآن جیسی عظیم کتاب الٰہی کو یاد کرکے اپنے سینے کو انوار وتجلیات سے معمور کیا ، یہ قابل تعریف عمل ہے۔اس موقع پر ماہ نامہ احیاءاسلام کے نائب مدیر: مفتی احسان الحق قاسمی، مولانا ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی، بھائی احمد رشید، مولانا محمد سعید قاسمی، مولانا محمد صابر نعمانی ، حافظ ذبیح اللہ ، ، مولانا شکراللہ قاسمی ، مولانا وجہ القمر قاسمی، مولانا محمد یحی ٰ ندوی،ماسٹر فیض احمد ، ماسٹر محمد عمر خان ، ماسٹر جاوید احمد، ملا محمد مسلم ، ماسٹر محمد شمیم، ماسٹر صادق علی، ماسٹر جمیل احمد، محمد قاسم وغیرہ موجودتھے۔

DISCLAIMER: Views expressed in the above published articles/Views/Opinion/Story/News/Contents are the author's own, and not necessarily reflect the views of Roznama Rashtriya Sahara, its team and Editors. The Roznama Rashtriya Sahara team and Editors cannot be held responsible for errors or any consequences arising from the use of
information contained.
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS