روس کویوکرین پر فوجی حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی:امریکہ

    0

    روس پر پابندیوں کی حمایت کرے چین
    واشنگٹن (یو این آئی، اسپوتنک) : امریکہ نے امید ظاہر کی ہے کہ چین روس پر مغربی ممالک کی طرف سے عائد پابندیوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد نہیں کرے گا اور پابندیوں کے اقدامات کی حمایت کرے گا۔امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے ہفتے کے روز ایک کانفرنس میں کہا، ‘‘یہ یقینی ہے کہ چین روس کی طرف نہیں آئے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ چین نے اپنے کچھ بینکوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں جو روس سے توانائی کی خریداری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے فنانس فراہم کرتے تھے ۔ ایسا لگتا ہے کہ چین اب امریکہ کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں کا احترام کر رہا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ برطانیہ، یوروپی یونین، فرانس، جرمنی، اٹلی، کینیڈا اور امریکہ نے یوکرین کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر روس پر اضافی پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔
    دوسری جانب امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے روس پر اقتصادی پابندیوں کو تیسری عالمی جنگ سے گریز کی کوشش قرار دیدیا۔امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرین پر فوجی حملے کی روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے پاس صرف دو آپشنز ہیں، ایک یہ کہ روس کیخلاف جنگ میں عملی طور پر شریک ہوکر تیسری عالمی جنگ کا آغاز کردیا جائے یا پھر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے اس ملک کو بھاری قیمت چکانے پر مجبور کیا جائے۔ دوسری جانب روس نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوروپ کی جانب سے پابندیوں کے جواب میں وہ تخفیف اسلحہ معاہدوں سے علیحدہ ہوسکتے ہیں۔اپنے بیان میں ڈپٹی ہیڈ روسی سیکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ مغرب سے تعلقات مکمل ختم کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ یوکرین پر حملے کے بعد امریکا سمیت یوروپی ممالک نے روس پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS