یوکرین کے ہر شہری کو اپنی حکومت منتخب کرنے کا حق : جانسن

    0

    لندن(یو این آئی) : برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن یوکرین-روس سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے لیے منگل کو یوکرین کا دورہ کریں گے ۔ مسٹر جانسن کی پریس سروس نے ایک بیان میں یہ اطلاع دی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم یوکرین کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرنے کے لیے کیف کا دورہ کر رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسٹر جانسن یوکرین کے رہنما ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ روس کی مخالفانہ سرگرمیوں پر بات کریں گے اور یہ کہ یہ ہفتہ سفارت کاری کے لیے اہم ہے اور اس ہفتہ مسٹر جانسن اپنی سفارتی کوششوں کو جاری رکھیں گے ۔ صدر پوتن اور دیگر رہنماوں سے بات چیت کی امید ہے ۔ سرکاری بیان کے مطابق یوکرین کے لیے 11.8 کروڑ ڈالر کی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے جس میں برطانیہ کا گڈ گورننس فنڈ بھی شامل ہے ۔ یہ مدد یوکرین کا روسی توانائی کی سپلائی پر انحصار کم کرنے کے لیے دی جائے گی۔ مسٹر جانسن نے کہا کہ یوکرین کے ہر شہری کو اپنی حکومت منتخب کرنے کا حق ہے ۔ برطانیہ ایک دوست اور جمہوری اتحادی ہونے کے ناطے یوکرین کی خودمختاری کا ہر اس شخص سے دفاع کرتا رہے گا جو اسے تباہ کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم روس سے پیچھے ہٹنے ، سفارتی حل تلاش کرنے اور خونریزی سے بچنے کے لیے مذاکرے میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اس وقت روس کے ایک لاکھ سے زائد فوجی یوکرین-روس سرحد پر موجود ہیں۔ روس نے اب تک یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS