این ایس جی کے دستہ نے مشتبہ آئی ای ڈی کو ناکارہ کیا
نئی دہلی (ایس این بی) : مشرقی دہلی واقع غازی پور پھول منڈی میں جمعہ کی صبح ایک لاوارث بیگ میں آئی ای ڈی ملنے سے کھلبلی مچ گئی ۔ اطلاع ملنے پر دہلی پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔جانچ کے بعد بیگ میں رکھی آئی ای ڈی کو ڈفیوزکردیا گیا ۔اس واردات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور فی الحال پولیس نے اس تعلق سے معاملہ درج کر جانچ شروع کردی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ غازی پور پھول منڈی میں آئی ای ڈی ملنے سے کھلبلی مچ گیا۔ اس اطلاع پر پھول منڈی کو خالی کرا لیا گیا اور جائے وقوع پر اضافی فورس کی تعیناتی کردی گئی ۔ یہ واردات 26 جنوری کو قومی راجدھانی میں جشن جمہوریہ تقریب سے پہلے ہوئی ہے۔ اس کے بعد دہلی میں سیکورٹی بندوبست کڑے کردیے گئے ہیں ۔خاص کر بھیڑ بھاڑ والے بازاروں اور اہم لوگوں کے رہائشی مقامات پر اضافی سیکورٹی ملازمین کی تعیناتی کردی گئی ہے ۔دہلی پولیس میں تعینات اعلیٰ پولیس حکام نے بتایا کہ انہیں صبح 10بجکر 9منٹ پر اس واردات کی اطلاع ملی ۔
بتایاگیا کہ پھول منڈی میں دھاتو کا مشتبہ ڈبہ ملا ہے۔اس اطلاع پر دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے سینئر افسر، نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی ) کا بم ناکارہ دستہ اور فائر برگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور اس کے بعد پورے علاقے کو گھیر لیا گیا ۔این ایس جی کے ایک افسر نے بتایا کہ ،ہمیں دہلی پولیس نے صبح 11بجے کے آس پاس مشتبہ چیز کے بارے میں جانکاری دی ۔آئی ای ڈی کو کنٹرول بلاسٹ تکنیک کا استعمال کر کے ڈفیوزکردیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیوں نے 8فٹ گہرا گڑھا کھود کر دھماکہ خیز اشیاء کو ڈفیوز کردیا ،جبکہ آئی ای ڈی کے نمونے اکٹھا کئے گئے ہیں اور دھامکہ خیز اشیاء کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کالے رنگ کے بیگ کا وزن تقریباً 3کلو گرام تھا۔ مقامی لوگوں اور سیکورٹی ایجنسیوں نے بم کے ڈفیوز ہونے کے بعد راحت کی سانس لی ۔
غازی پور پھول منڈی میں آئی ای ڈی ملنے سے کھلبلی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS