ایران کی منفی پالیسی خطے کیلئے ٹھیک نہیں:شاہ سلمان

0

ریاض(ایجنسیاں) سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے اپنی دیرینہ حریف ملک ایران سے کہا ہے کہ وہ خطے میں اپنے منفی طرز عمل کو تبدیل کرے۔ ریاض نے تہران پر سعودی عرب کو میزائل سے نشانہ بنانے والے یمنی باغیوں کی مدد کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔شاہ سلمان نے ملک کی مجلس شوریٰ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’ہمیں امید ہے کہ ایران اپنی پالیسی اور خطے میں اپنے منفی رویے کو تبدیل کرے گا اور مذاکرت اور تعاون کی طرف لوٹے گا۔‘شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا، ’ہم خطے میں سلامتی اور تحفظ کو غیر مستحکم کرنے کی ایرانی پالیسی کو شدید تشویش کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔‘ساتھ ہی شاہ سلمان نے ایران پر خطے میں فرقہ واریت پھیلانے والی اور مسلح تنظیموں کوبنانے اور انہیں تعاون فراہم کرنے کا بھی الزام عائد کیا،ہم مشاہدہ کر رہے ہیں کہ تہران حکومت دہشت گرد حوثی ملیشیا کی پشت پناہی کر رہا ہے، جس کی وجہ سے یمن کی جنگ طوالت اختیار کر رہی ہے اور انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور ساتھ ہی یہ صورتحال سعودی عرب کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔ شاہ سلمان کا یہ خطاب تقریباً 4منٹ کا تھا۔ اس قلیل سے وقت میں بھی انہوں نے کئی وقفے کیے اور وہ بہت ہی آہستہ آہستہ ایک سفید کاغذ پر لکھا ہوا اپنا یہ خطاب پڑھ رہے تھے۔ ان کی یہ تقریر طے شدہ وقت کے3 گھنٹوں کے بعد نشر کی گئی، جسے بعد میں سعودی نیوز ایجنسی نے مکمل شائع کیا۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ انہوں نے اس مجلس شوری سے ورچوئل خطاب کیا ہے۔ مجلس شوری ملک کا اہم ترین مشاورتی ادارہ ہے۔ریاض اور تہران دہائیوں سے ایک دوسرے کے شدید مخالف ہیں۔ اور خطے کے تنازعات میں ہمیشہ ایک دوسرے کی مخالفت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر یمنی تنازعہ جہاں سعودی عرب ایک عسکری اتحاد کی سربراہی کر رہا ہے جب کہ ایران اس اتحاد کے خلاف لڑنے والے حوثی باغیوں کا ساتھ دے رہا ہے۔ ابھی حال ہی میں سعودی عرب نے ایران پر حوثیوں کو اسلحہ فراہم کرنے اور لبنانی تنظیم حزب اللہ پر انہیں تربیت فراہم کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ تہران اور حزب اللہ دونوں نے سعودی الزامات کی نفی کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔سعودی عرب اور ایران اپنے باہمی روابط کو بہتر بنانے کی کئی کوششیں کر چکے ہیں اور اس کی تازہ مثال اپریل میں بات چیت کے کئی ادوار تھے۔ شاہ سلمان جمعہ کو 86 برس کے ہو جائیں گے۔ ایران کے حوالے سے ان کے رویہ میں نرمی دکھائی دے رہی ہے۔ حالانکہ گزشتہ برس انہوں نے عالمی برادری سے ایران کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS