سری نگر:(یو این آئی) جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) کو حد بندی کمیشن کی سفارشات کو عدالت عظمیٰ میں چلینج کرنے کے بیان پر ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر حد بندی کمیشن کی رپورٹ قانونی طور پر نا قابل چلینج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی اے جی ڈی سے جھوٹ بولنے سے احتراز کرے۔ موصوف چیئرمین نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔
انہوں نے یہ ٹویٹس پی اے جی ڈٰی کے اس بیان کہ اگر حد بندی کمیشن نے اپنی سفارشات تبدیل نہیں کی تو وہ عدالت عظمیٰ میں ان کا چلینج کریں گے، کے رد عمل میں کیا۔ انہوں نے کہا: ’کوئی ان (پی اے جی ڈی) کو سمجھائے عدالت میں اس رپورٹ(حد بندی کمیشن کی سفارشات) کے خلاف چلینج نہیں کیا جا سکتا ہے یہ قانونی طور پر نا قابل چلینج ہے‘۔ ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’خدا کے لئے جھوٹ بولنا بند کریں‘۔ سجاد لون نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں نیشنل کانفرنس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی نے حد بندی کمیشن کو سیاسی جواز فراہم کیا۔ بتادیں کہ جموں و کشمیر حد بندی کمیشن کی سفارشات کے مطابق نئی اسمبلی نشستوں میں جموں کو چھ جبکہ کشمیر کو ایک سیٹ دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر کی 90 اسمبلی نشستوں میں سے اب 9 نشستیں شیڈول ٹرائب اور7 نشستوں کو شیڈول کاسٹ کے لئے مختص رکھی گئی ہیں۔ دریں اثنا پیی اے جی ڈی نے حد بندی کمیشن کی ان سفارشات کو ’تفرقہ انگیز، تقسیم کرنے والی اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یکم جنوری کو ان کے خلاف سری نگر میں پر امن احتجاج درج کریں گے۔
حد بندی کمیشن کی رپورٹ قانونی طور پر نا قابل چلینج:سجاد غنی لون
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS