حج2022:عازمین کی عمر کی حد اور مخصوص زمرہ میں راحت

0

نئی دہلی (ایس این بی) :حج کمیٹی آف انڈیا نے حج بیت اللہ کی سعادت کے خواہشمند عازمین کو عمر کی حد اور مخصوص زمرہ کے عازمین کو موقع فراہم کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے دونوں زمروں کے خواہش مند عازمین کو مبارکباد دی ہے ۔حج کمیٹی آف انڈیا کے اس فیصلے سے ہندوستان کے سبھی ایسے خواہش مند عازمین کو موقع ملے گا، جو اس سہولت سے محروم رہے ہیں۔ اس تعلق سے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد نے جاری بیان میں کہاہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا سے جاری سرکلر نمبر4 (Haj-2022)14دسمبر کے تحت حج2022 کے درخواست دینے کے خواہشمند حضرات کی عمر حد میں راحت فراہم کی گئی ہے۔ جیسا کہ حج پالیسی 2018-2022 کے تحت اب65 سال سے زائد عمر کے خواہشمند حضرات بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ اسی طرح مخصوص زمرہ (70سال یا اس سے زائد عمر) کے عازمین کیلئے2 ساتھیوں کی اجازت ہوگی (عازمین جن کی عمر31مئی2022 کو 70سال یا اس سے زائد ہوں، یعنی ان کی پیدائش 31مئی1952یا اس سے پہلے کی ہو)۔ قابل ذکرہے کہ 70سال سے زائد عمر کے ایسے درخواست گزار جنہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا یا پرائیوٹ ٹور آپریٹر یا کسی اور ذریعے سے حج کیا ہو، انہیں مخصوص زمرے میں نہیں رکھا جائے گا۔ اس کیلئے انہیں سادہ کاغذپر اس کا ایک حلف نامہ دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ مملکت سعودی عرب نے ابھی تک حج2022کیلئے کسی بھی واضح رہمنا خطوط کا اعلان نہیں کیا ہے۔لہٰذایہ رہنما خطوط عارضی ہیں۔ تاہم قوی امکان ہے کہ مملکت سعودی عرب امسال عازمین حج کیلئے اہلیت برائے حج صحت، عمر کی حد،سماجی فاصلے کے ضوابط میں انتہائی تبدیلی کا اعلان کر سکتی ہے۔یہ پابندیاں عازمین حج کی صحت سے متعلق پروٹوکول، سماجی فاصلے اور عمر کی حد سے متعلق ہوںگی از حد امکان ہے کہ وزارت حج و عمرہ مملکت سعودی عرب عازمین حج کیلئے عمر کی حدبھی مقرر کر سکتی ہے۔یاد رہے کہ حج فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ31جنوری2022ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS