راجیہ سبھاکی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کیلئے ملتوی

0

نئی دہلی: (یو این آئی) اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے آج بھی ایوان بالا راجیہ سبھا میں اپنے 12 ارکان کی معطلی کے خلاف زبردست ہنگامہ آرائی کی جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ ضروری دستاویزات ایوان کی میز پر رکھے جانے کے بعد اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ 12 معطل ارکان کو بار بار واپس بلانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، یہ معطلی غیر آئینی ہے۔ اس کے بعد ارکان نے شور مچانا شروع کردیا۔ چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو نے کہا کہ کچھ ارکان مفاد عامہ کے مسئلہ کو اٹھانے کی اجازت نہیں دینا چاہتے۔ اگر رکن نے ہنگامہ آرائی جاری رکھی تو وہ ایوان کی کارروائی ملتوی کر دیں گے۔ اس کے بعد بھی ارکان کا ہنگامہ جاری رہنے پر ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ نائیڈو نے کہا کہ اپوزیشن ارکان گزشتہ دس دنوں سے ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دے رہے ہیں اور بار بار گڑبڑی پیدا کررہے ہیں جو غیر جمہوری ہے۔ روز ایک ہی بات اٹھائی جا رہی ہے، یہ طریقہ درست نہیں۔ اس کے بعد کانگریس، ڈی ایم کے، عام آدمی پارٹی، سماج وادی پارٹی، راشٹریہ جنتا دل وغیرہ کے ارکان ایوان کے بیچ میں آگئے اور نعرے لگانے اور پوسٹر دکھانے لگے۔ چیئرمین نے کہا کہ قائد حزب اختلاف، قائد ایوان اور وزیر پارلیمانی امور مل بیٹھ کر معطل ارکان کا معاملہ حل کریں۔ قبل ازیں ایوان کی کارروائی کے آغاز پر چیئر مین ونکیا نائیڈو نے کہا کہ کانگریس کے دپیندر سنگھ ہڈا اور ایک اور رکن نے تحریک التوا دی تھی جسے مسترد کر دیا گیا ہے۔ کانگریس کے آنند شرما نے کہا کہ پہلے یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ کسانوں کے مسئلہ پر بات کی جائے گی۔ گزشتہ اجلاس میں بھی کوئی بحث نہیں ہوئی۔ اپوزیشن کے ارکان باہر بیٹھے ہیں۔
چیئرمین نے کہا کہ ایوان کی کارروائی ٹھیک ٹھاک چلی تو کسانوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اپوزیشن ارکان کو باہر بیٹھنے کو کس نے کہا ہے؟

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS