یوپی: 43.5فیصد آبادی استعمال کر رہی ہے موبائل انٹرنیٹ

0

نئی دہلی (یو این آئی) : حکومت نے آج پارلیمنٹ میں بتایا کہ اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کا استعمال کرنے والی آبادی کا تناسب بالترتیب 43.50، مدھیہ پردیش 49.01 اور راجستھان میں 56.95فیصد ہے ۔ٹیلی کام کے وزیر مملکت دیو سنگھ چوہان نے لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ اتر پردیش میں دیہی علاقوں میں فیصد آبادی پر موبائل انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کا تناسب 28.74، مدھیہ پردیش میں 28.73اور راجستھان میں38.07ہے ۔ اسی طرح ان تینوں ریاستوں میں شہری آبادی کا تناسب بالترتیب 89.40، 100.56اور 109.64فیصد ہے ۔اترپردیش کے اعداد و شمار میں اتراکھنڈ اور مدھیہ پردیش کے اعدادو شمار میں چھتیس گڑھ کا ڈیٹا بھی شامل ہے ۔ چوہان نے بتایا کہ ملک کی تمام گرام پنچایتوں کو براڈ بینڈ نیٹ ورک سے جوڑنے کی اسکیم کو مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے ۔ بھارت نیٹ کے دائرہ کار کو 30جون 2021سے نافذ کرتے ہوئے اتر پردیش سمیت ملک کی تمام گرام پنچایتوں کی سطح سے آگے تمام آباد گاؤں تک بڑھا دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یکم نومبر2021تک ملک کی کل 166088گرام پنچایتوں کو براڈ بینڈ سروس کیلئے تیار کر دیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت اگست 2023تک تمام دیہاتوں کو براڈ بینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کی سہولت فراہم کرنے کا ہدف ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نیٹ کے تحت بنایا گیا بنیادی ڈھانچہ ایک قومی اثاثہ ہے اور تمام خدمات فراہم کرنے والے اسے بلا تفریق استعمال کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ وہ اس اثاثے کو تمام شہریوں کو رابطہ فراہم کرنے کیلئے استعمال کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔مسٹر چوہان نے یہ بھی بتایا کہ دیہی علاقوں میں عوامی مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کیلئے پی ایم وانی فریم ورک کے تحت اتر پردیش میں تقریباً 4323ہاٹ اسپاٹ (ایکسیس پوائنٹس) قائم کیے گئے ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS