پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں غذائی قلت کے معاملہ پر یوگی حکومت کو گھیرا

0
Image: Punjab Kesari

لکھنؤ: (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری اور اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے عدم تغذیہ کے شکار بچوں کی تعداد میں اضافے کو لے کر ریاست کی یوگی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ ریاست کے بچوں میں غذائیت پر دھیان دینے کے بجائے حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نفرت انگیز تقاریر کرنے میں مصروف ہیں۔ اتر پردیش کے بچوں میں غذائی قلت کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو اجاگر کرنے والی میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے واڈرا نے بدھ کو کہا کہ ریاست میں غذائیت کی کمی کی وجہ سے صورتحال بگڑ رہی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا’’ اطلاعات کے مطابق اتر پردیش میں ملک میں سب سے زیادہ 4 لاکھ غذائی قلت کے شکار بچے ہیں۔ اتر پردیش کی 60 سے زیادہ اسمبلی حلقوں میں غذائی قلت کی صورتحال خوفناک ہے۔ لیکن بی جے پی لیڈران ان مسائل پر بات نہیں کریں گے۔ ان کی تقریروں میں نفرت کی بات ہے، بچوں کی غذائیت کی بات غائب ہے۔ قابل ذکر ہے کہ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کے اعداد و شمار کے حوالے سے شائع ہونے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں چھ ماہ سے چھ سال کی عمر کے 9.27 لاکھ بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔ ان میں سے 3.98 لاکھ بچے اتر پردیش میں ہیں۔ یہی نہیں اجودھیا میں پانچ سال سے کم عمر کے پچاس فیصد سے زیادہ بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS