سی آر پی ایف جوان نے اپنے ساتھی جوانوں پرچلائی گولیاں ، 4 ہلاک اور 3 زخمی

0

سکما،(یو این آئی) چھتیس گڑھ کےجنوبی بستر کونٹا بلاک کے تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کے سرحدی علاقے میں واقع گاؤں لنگن پلی کے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) بٹالین 217 کے کیمپ میں اتواردیر رات سی آر پی ایف کے جوان نے اپنے ساتھیوں پر اے کے47 سے فائرنگ کر دی ۔
اس واقعہ میں چار جوان ہلاک جبکہ تین جوان زخمی ہو گئے۔ جن میں دو جوانوں کی حالت نازک ہونے کے سبب انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے رائے پور رام کرشنا اسپتال بھیجا گیا ہے ۔ واقعے کے بعد ملزم جوان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ابھی تک فائرنگ کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔
ذرائع کے مطابق لنگنپلی کے سی آر پی ایف کیمپ میں مشترکہ طور پر 217 بٹالین اور 50 ویں بٹالین رہتی ہے ۔ اتوار کی رات 3.30 بجے ملزم ہتیش رنجن نے اپنے ہی ساتھیوں پراے کے 47 سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس میں سے تین کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور چار زخمی ہو گئے اور دو لوگوں نے بیڈ کے نیچے چھپ کر اپنی جان بچائی ۔
چار زخمی جوانوں میں سے ایک کی تلنگانہ کے بھدراچلم اسپتال میں علاج کے دوران موت ہو گئی ۔ جبکہ باقی تین زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہے، انہیں بہتر علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے رائے پور کے رام کرن اسپتال لے جایا گیا ہے۔
اس واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی بستر کے آئی جی سندر راج پی سکما کے ایس پی سنیل شرما، سی آر پی ایف کے ڈی آئی جی سکما رینج یوگیان سنگھ اور سکما کلکٹر ونیت نندنوار لنگن پلی سی آر پی ایف کیمپ پہنچ گئے۔ کیمپ پہنچنے کے بعد پوری بستر کے آئی جی سندر راج پی نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم جوان تین ماہ قبل ہی چھٹیاں کاٹ کر آیا تھا اور آنے والی سولہ تاریخ کو چھٹی پر جانے والا تھا، جس کی ٹرین میں بکنگ بھی ہو گئی تھی۔ سب کچھ ٹھیک ہونے کے بعد بھی ایسا واقعہ سامنے آیا جو کہ تحقیقات کا معاملہ ہے۔ ہم نے دفعہ 302 کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے۔
آگے جانچ کے بعد معلومات فراہم کی جائے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ آپسی دشمنی اور دماغی توازن بگڑنے کی وجہ سے ملزم جوان ہتیش رنجن نے فائرنگ کی۔ ایک دن پہلے بھی اس کا اپنے ساتھی جوان کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا اور ملزم جوان گزشتہ کئی دنوں سے پریشان نظر آرہا تھا۔ ہلاک ہونے والے جوان بہار اور مغربی بنگال کے رہنے والے ہیں ۔ فائرنگ کے واقعہ میں مارے گئے تین جوان بہار کے اور ایک جوان مغربی بنگال کا رہنے والا تھا ۔ بہار سے دھرمیندر کمار، دھنجی، راجمانی کمار یادو اور راجیو منڈل مغربی بنگال سے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں دھننجے کے آر سنگھ، دھرماتما کمار اور مالیا رنجن مہارانا تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS