مودی اور کیجریوال کو مذہبی مسائل صرف انتخابات کے دوران یاد آتے ہیں: ڈاکٹر نریش کمار

0

نئی دہلی،(یو این آئی):کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو رام مندر، تیرتھ استھلوں کی بحالی اور گنگا جمنا کی صفائی کا کام صرف انتخابات کے وقت یاد رہتا ہے اور پھر ان کاموں کو بھلا دیا جاتا ہیں۔
دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان ڈاکٹرنریش کمار نے آج یہاں جاری ایک بیان میں پوروانچل کے لوگوں کو چھٹھ کے تہوار کے موقع پر مبارکباد دی اور اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت اور دہلی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے یمنا ندی کی صفائی کا کام مکمل نہیں ہو سکا ہے اور کئی جگہوں پر یمنا کا پانی اتنا گندا ہے کہ لوگوں کو ناک بند کرکے وہاں سے جانا پڑتا ہے۔ یمنا کو صاف کرنا کس کی ذمہ داری ہے؟ لیکن دونوں ایک دوسرے پر اس کی صفائی کا الزام لگاتے رہتے ہیں۔ اس وقت یمنا میں امونیا کی مقدار 3 پی پی ایم ہے جو اس کے پانی کو زہریلا بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب 2015 میں عام آدمی پارٹی کا منشور جاری کیا گیا تھا تو اس میں کل 76 ایکشن پلان کا ذکر کیا گیا تھا اور یمنا کی صفائی کا موضوع 15ویں نمبر پر تھا۔ این جی ٹی نے 2017 میں دہلی حکومت کو یمنا کی صفائی کا حکم دیا تھا لیکن اس سمت میں کوئی کام نہیں ہوا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے 2020-21 کے بجٹ میں کہا تھا کہ ہم دریائے یمنا کے پانی کو صاف کریں گے اور اسے لندن کے دریائے ٹیمز سے بہتر بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’یمنا کی صفائی تو بہت دور کی بات ہے، یمنا آج اتنی گندی ہو چکی ہے کہ لوگوں کو ناک اور منہ ڈھانپنا پڑتا ہے اور یہ گندے نالے کی شکل اختیار کر رہی ہے۔ وزیرآباد میں رام گھاٹ اور کالی گھاٹ پر گندگی کے ڈھیر ہیں۔ بجٹ پیش کرتے ہوئے آپ نے کہا تھا کہ یمنا کی صفائی کے لیے 2076 کروڑ روپے کا بجٹ ہے، لیکن آپ اس کی صفائی کے لیے صرف دو کروڑ خرچ کردیجئے ۔ انتخابات کے آتے ہی ایسے مذہبی مسائل ذہن میں آتے ہیں اور یہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ لیکن انہیں انتخابات کے بعد بھی یاد رکھنا چاہیے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جب شیلا دکشت دہلی کی وزیر اعلیٰ تھیں تو راجدھانی کا بجٹ 37450 کروڑ روپے تھا، لیکن اب دہلی حکومت کا بجٹ 69000 کروڑ ہے، لیکن اس کے بعد بھی یمنا بدستور بدحال ہے۔ ڈاکٹر کمار نے کہا کہ دہلی کی ترقی نہیں ہوئی بلکہ صرف عام آدمی پارٹی اور مسٹر کیجریوال اور ان کے وزراء کی ترقی ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS