ممتا کی دعویداری کو شیوسینا نے کیا خارج
ممبئی (ایجنسیاں) َ 2024کے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کو کس طرح چیلنج دیا جائے، کسے مودی کے خلاف چہرہ بنایا جائے، اس پر اپوزیشن کی رائے ایک نہیں ہے۔ ایک طرف مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی خود کو مودی کا متبادل ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہیں تو دوسری طرف شیوسینا نے راہل گاندھی کی حمایت کی ہے۔ دہلی میں اقتدار میں قابض عام آدمی پارٹی نے بھی ممتابنرجی کی حمایت کرنے کا اشارہ دیاہے۔ مہاراشٹر میں برسراقتدار شیوسینا نے ممتابنرجی کی دعویداری کو خارج کرتے ہوئے کہاکہ ترنمول کانگریس اور عام آدمی پارٹی جیسی سیاسی پارٹیاں کھیل خراب کرنے والی ہیں اور یہ صرف بی جے پی کی مدد کریں گی۔ شیوسینا نے اپنے اخبار ’سامنا‘ کے ایک کالم روک ٹوک میں یہ تبصرہ کیا۔ اس میں انہوں نے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا موازنہ ایک مرتبہ پھر اندراگاندھی سے کیا۔انہوں نے لکھا کہ لکھیم پور تشدد کے معاملے کو دبانے کی کوششوں کوپرینکاگاندھی نے ناکام کردیا اور ان کے کام کاج میں اندراگاندھی کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے آگے کہا کہ کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی واحد ایسے لیڈر ہیں، جو دہلی میں موجود سرکار(بی جے پی) کا مضبوط متبادل ثابت ہوسکتے ہیں۔ شیوسینا اس وقت مہاراشٹر میں کانگریس اور این سی پی کے ساتھ مل کر مہاوکاس ادھاڑی(ایم وی اے) سرکار کی قیادت کررہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS