نئی دہلی (ایجنسی) :بھوپال سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر جو اکثر اپنے بیانات کی وجہ سے تنازعات میں رہتی ہیں ۔ انہوں نے ایک بار پھر قابل اعتراض بات کہی ہے۔ اس بار پرگیہ ٹھاکر نے ممبئی کی کروز پارٹی میں چھاپوں اور شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان سمیت کئی ہائی پروفائل لوگوں کی گرفتاری پر متنازعہ ریمارکس دیے ہیں۔ ممبئی کروز ڈرگس پارٹی کیس کا جواب دیتے ہوئے پرگیہ ٹھاکر نے بہت شرمناک باتیں کہی۔ پرگیہ نے کہا، “یہ وہی لوگ ہیں جو کہتے تھے
کہ ہم ہندوستان میں محفوظ نہیں ہیں،لیکن ان لوگوں نے کبھی ہندوستان کی مدد نہیں کی۔،انہوں نے کسی مدد کی ہے تو پاکستان کی۔ یہ کھاتے یہاں ہیں، اور لگاتے وہاں ہیں۔” ایسے لوگوں کی حقیقت سامنے آرہی ہے۔ ” پرگیہ ٹھاکر یہی نہیں رکیں۔ انہوں ن آگے کہا کہ جن لوگوں کے پاس دولت بے شمار ہو جاتی ہے اور وہ اچھے کاموں میں سرمایہ کاری نہیں کرتے ہیں، ان کے بچے ایسے بن جاتے ہیں۔
ممبئی کروز ڈرگس پارٹی کیس میں آریان خان سمیت 17 افراد کی گرفتاری پر مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ وہ مہاراشٹر حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ نواب ملک نے کئی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں جن میں الزام لگایا گیا ہے کہ بی جے پی کے عہدیدار نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی نواب ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ این سی بی نے اس چھاپے میں دو افراد کو جانے دیا جن میں سے ایک بی جے پی لیڈر کا رشتہ دار تھا۔ وہ اس معاملے کے حوالے سے 8 اکتوبر کو پریس کانفرنس بھی کریں گے۔