بارہ بنکی میں اندوہناک سڑک حادثہ، 15 ہلاک

0

حشمت اللہ
بارہ بنکی (ایس این بی) : دیویٰ تھانہ کے تحت موضع ببری کے پاس ایک گائے کو بچانے کی کوشش میں ڈبل ڈیکر وولو بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا زوردار تھا کہ بس کے پراخچے اڑ گئے۔ یہ واقعہ آج جمعرات کی علی الصباح کسان پتھ پر پیش آیا۔ بس دہلی سے بہرائچ جارہی تھی، جس میں تقریباً 80 سواریاں تھیں، جن میں بیشتر سو رہی تھیں۔ 9 افراد کی سوتے میں ہی موت ہوگئی، جبکہ 6 نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ مرنے والوں میں 2 خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ 26 مسافر زخمی ہوئے ہیں، جن میں 11 کی حالت تشویشناک ہے۔ 4 کا ضلع اسپتال میں علاج ہو رہا ہے۔ 14 معمولی زخمیوں کو ابتدائی علاج کے


بعد چھٹی دے دی گئی۔ ہلاک شدگان میں بیشتر کا تعلق بہرائچ ضلع سے ہے، جو دہلی میں بطور مزدور کام کرتے تھے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے اس حادثہ میں مرنے والوں کے اہل خانہ کو 2-2 لاکھ اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے مالی امداد دینے کا اعلان ضلع کپتان ڈاکٹر آدرش سنگھ نے کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق دہلی سے بہرائچ جارہی پرائیویٹ کمپنی کی وولو بس نمبر یوپی-40 ٹی9786 آج علی الصباح دیویٰ تھانہ کے تحت موضع ببری کے پاس ایک گائے کو بچانے کی کوشش میں مخالف سمت سے آرہے ٹرک نمبر یوپی-78 ڈی ٹی 6363 سے ٹکرا گئی۔
ٹکر اتنی زوردار تھی کہ مقامی شہریوں کو ایسا محسوس ہوا کہ کوئی بڑا دھماکہ ہوا ہے۔ چیخ و پکار سن کر مقامی لوگ موقع پر پہنچے تو حادثہ دیکھ کر ان کے ہوش اڑ گئے۔ اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ آدرش سنگھ، ضلع کپتان جمنا پرساد سمیت انتظامیہ و پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور کٹر، جے سی بی مشینوں اور مقامی لوگوں کی مدد سے بس میں پھنسے لوگوں کو نکالا گیا، لیکن تب تک 9 افراد کی موت ہو چکی تھی، جبکہ ضلع اسپتال اور لکھنؤ بھیجے گئے 6 مزید لوگوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ درجنوں مسافر اس حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں، جن میں2 درجن کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ مرنے والوں میں بہرائچ کے صلاح الدین (37) ولد ریاض الدین، انیس الرحمن (45)ولد عبدالرحمن، قدیر (46) موضع ادّی پٹی تھانہ جرول، درگپال (69) ولد رام سیوک موضع ناظر گنج (تھانہ جرول روڈ)، دواریکا پرساد (48) ولد تلک رام موضع حسنا موڑ تھانہ قیصرگنج(کنڈکٹر)، صائمہ بیگم زوجہ معراج (25)احمد اور ان کی دو برس کی بیٹی زارا ساکن موضع پہاڑ پور تھانہ فخرپور، اجے کمار (12) ولد بھارت، راجو (15) ولدرام نریش موضع جے سنگھ پور قیصرگنج، یاسمین (28) بنت اِبّن موضع نندی پور قیصرگنج کی بتائی جارہی ہیں جبکہ ونود کمار (22) ولد رام سروپ موضع کوچا قاسم پور تھانہ کرنیل گنج گونڈہ، نور علی (25) ولد بدلوموضع رودل پوروہ تھانہ کٹرہ بازار گونڈہ جبکہ عبدالرحمن (42)ولد نظام الدین موضع اعلیٰ پور بارہ بنکی، رمن ولد ویریندر ساکن جگتاپور ساکن کٹرہ بازار گونڈہ شامل ہیں۔ حادثہ میں دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں شاداب ولد معراج، سراج احمد ولد محسن، ولد رفیع احمد، رحمت ولد علاؤ الدین، چندو ولد رمضان، لکشمن چوہان ولد رادھے شیام، عطرت زوجہ انیس الرحمن، پرویش ولد سمے دین، عدنان ولد رئیس، جگت رام ولد بابادین، حامد ولد سعیدالرحمن، زرین بنت انیس الرحمن، سیدہ بنت جاوید، عاصم ولد محمد سالم، وشال پانڈے ولد بہو رام، علی حسن ولد نظام الدین، تعلقہ دار ولد رام پہل، الکو رام ولد گنگا رام، پون کمار ولد ننہے، شاردا زوجہ راجیش، ترون کنوجیا ولد راجیش کنوجیا، منیش کمار ولد آکاش، راہل ولد بٹّے لال اور ایک 38 سالہ نامعلوم شخص شامل ہے۔ زخمیوں میں 11 کی حالت انتہائی نازک ہے، جس کے سبب انہیں ٹراما سنٹر لکھنؤ میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وولو بس کا پرمٹ گزشتہ 15 ستمبر کو ہی ختم ہو چکا تھا اور اس کا ٹیکس بھی 31 اگست 2021 تک جمع تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ بس کا 41 مرتبہ چالان ہو چکا ہے۔ آئوٹر رنگ روڈ زیر تعمیر کسان پتھ کا صرف 14 کلومیٹر حصہ ہی آمد و رفت کیلئے کھولا گیا ہے اور اس پر اکثر آوارہ مویشی ٹہلتے رہتے ہیں۔ زیرتعمیر ہونے کے باوجود گاڑیوں کی آمد و رفت اس پر جاری ہے اور ذمہ دار افسران کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ہیلپ لائن نمبر: ضلع کپتان نے بتایا کہ حادثہ کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کی معلومات حاصل کرنے کیلئے ہیلپ لائن نمبر : 9450017464 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ لاشوں کا ایک ساتھ پنچ نامہ بھرنے کیلئے 3 انسپکٹر، ایک سرکل افسر اور10 سب انسپکٹر تعینات کئے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS