کولکاتا(ایجنسی): سنامی اور طوفانوں کے قہر سے دنیا میں تباہی مچتی رہتی ہے۔ اب گلاب طوفان کی آمد آمد ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ ہے کہ اس سے بہت زیادہ تباہی ہوسکتی ہے۔اس طوفان کا نام ’گلاب‘ہے اور اس طوفان کا نام پاکستان نے دیا ہے۔ مشرق وسط بنگال کی خلیج سے یہ طوفان شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ فی الحال یہ طوفان ڈپریشن کی شکل میں ہے۔
شمال مغرب بنگال کی خلیج میں یہ ڈپریشن آج دیر شام تک گردابی طوفان کی شکل اختیار کر لے گا جس کے آندھرا پردیش اور اڈیشہ سے ٹکرانے کے آثار ہیں۔ یہ گردابی طوفان جنوبی اڈیشہ اور شمالی آندھرا پردیش سے ٹکرا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے اندازے کے مطابق اس کا سب سے زیادہ اثر اڈیشہ کے گوپال پور سے آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم کے درمیان ہوگا۔ گردابی طوفان ’گلاب‘ کا لینڈ فال آندھرا پردیش کے کلنگ پٹنم میں ہو سکتا ہے۔
دوسری طرف مغربی بنگال پر بھی طوفان کا اثر پڑنے کا امکان ہے۔ یہاں ہفتہ کے روز سے بارش کا امکان ہے۔ مشرقی مدناپور اور جنوب 24 پرگنہ میں سب سے زیادہ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو ہلکی بارش ہوگی اور پیر کو جنوبی بنگال میں تیز بارش کا امکان ہے۔ طوفان کا سب سے زیادہ اثر شمال و جنوب 24 پرگنہ، جھاڑگرام کے ساتھ مشرقی اور مغربی مدناپور ضلعوں میں پڑ سکتا ہے۔