نئی دہلی (اظہار الحسن/ ایس این بی) : دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے دہشت گردوں کی سازش کا پردہ فاش کرتے ہوئے 6افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسپیشل سیل کے ڈی سی پی پرمود کشواہا نے کہاکہ اسپیشل سیل نے کئی ریاستوں میں جاری آپریشن میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحے برآمد کئے ہیں۔ ان تمام 6لوگوں کو دہلی، یوپی اور مہاراشٹر سے گرفتار کیا گیا ہے۔اسپیشل سیل اسپیشل کمشنر آف پولیس نیرج ٹھاکر نے صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت ابوبکر، جان محمد علی شیخ، اسامہ، مول چند عرف لالہ، ذیشان قمر اور محمد عامر جاوید کے طور پر ہوئی ہے۔ دہلی پولیس نے بتایاکہ اسامہ اور ذیشان کی ٹریننگ پاکستان میں ہوئی تھی۔ ان لوگوں کے انڈرورلڈ سے بھی رشتے بتائے جارہے ہیں۔ اس گرفتاری کے بعد دہلی پولیس اسپیشل سیل کے اسپیشل سی پی نیرج ٹھاکر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گروپ میں 14 سے15لوگ شامل ہیں اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ انہیں بھی یہیں ٹریننگ ملی ہو۔ یہ لوگ نوراتری، رام لیلا اور دیگر تہواروں کے دوران مختلف ریاستوں میں بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسامہ اور ذیشان یہاں سے مسقط گئے اور وہاں سے پاکستان جاکر 15دن کی ٹریننگ لی۔ ان دونوں کے انڈر ورلڈ سے روابط تھے،جو داؤد ابراہیم کے بھائی انیس ابراہیم کے ذریعہ آپریٹ کیا جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب ان دونوں کو مسقط سے پاکستان لے جایا جارہا تھا، تب اس کے ساتھ کچھ لوگ بنگلہ بولنے والے تھے ۔
ٹھاکر نے بتایا کہ ان میں سے تین لوگوں کو یوپی سے ، دو کو دہلی اور ایک کو مہاراشٹر سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی ایجنسیوں سے معلومات ملی تھی کہ کچھ دہشت گرد ملک میں کسی بڑے واقعے کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس کی بنیاد پر ڈپٹی کمشنر پولیس پرمود سنگھ کشواہا کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے اورمختلف ریاستوں میں چھاپے مار کر ان دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ سبھی ملک کے الگ الگ شہروں میں ایک بڑی سازش رچ رہے تھے اور آنے والے وقت میں دہشت پھیلانے کیلئے ایک بڑا منصوبہ تیار تھا، جس کا انکشاف کرتے ہوئے اسپیشل سیل اور یوپی اے ٹی ایس نے ان سبھی کو گرفتار کرلیا۔ اس کے ساتھ ہی یہ لوگ ملک کے کئی بڑے اور مشہور لوگوں کو بھی اپنا نشانہ بنانے والے تھے۔گرفتار مبینہ دہشت گردوں سے پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو کئی بڑے سراغ ہاتھ لگے ہیں۔ یہ لوگ یہاں پر الگ الگ شہروں میں دھماکہ کرنے اور دہشت پھیلانے کے ساتھ ہی کئی مشہور شخصیات کو بھی اپنا نشانہ بناکر ملک کا ماحول خراب کرنا چاہتے تھے۔
ذرائع کے مطابق ان مشہور شخصیات میں سیاستداں کے ساتھ ہی کئی سماجی کارکنان اور کاروباریوں کے نام بھی شامل ہیں۔ حالانکہ پولیس نے ابھی تک اس بات کا انکشاف نہیں کیا ہے کہ ان لوگوں کے نشانے پر کون کون تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جن 2 پاکستان سے ٹریننگ یافتہ مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ان کا براہ راست تعلق پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے ہے۔ وہیں ان کو انڈرورلڈ کی بھی حمایت مل رہی تھی۔ آئی ایس آئی نے پوری پلاننگ کے ساتھ ان کو یہاں پر بھیجا تھا اور کئی شہروں میں دہشت پھیلانے کا بڑا منصوبہ تیار کیا گیا تھا ، جس کیلئے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور ہتھیار بھی انہوں نے جمع کرلئے تھے۔
دہشت گردوں کی سازش کا پردہ فاش، 6گرفتار
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS