دوحہ: (یو این آئی) طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کابینہ کی تقریب حلف برداری منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ11 ستمبر کو طالبان کی عبوری کابینہ کی حلف برداری کی تقریب اب پلان کا حصہ نہیں ہے۔’جیو نیوز کے مطابق انہوں نے کہاکہ پہلے پروگرام میں تھا کہ ہم حلف برداری کی تقریب رکھیں گے، اس کے لیے ضروری تھا کہ دوسرے ممالک سے وفد مدعو کیے جائیں جب کہ پروٹوکول کے انتظامات اور عوام کے لیے سروسز کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ لیڈرشپ نے فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر وزراء کا اعلان کیا جائے کیوں کہ عبوری کابینہ کا اعلان ہوچکا لہذا اب تقریب منسوخ ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل طالبان نے 11 ستمبر کو امریکہ پر ہونے والے حملوں کے 20 سال مکمل ہونے پر حلف برداری تقریب کا اعلان کیا تھا۔ قبل ازیں روس نے طالبان کی عبوری حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے 7 ستمبر 2021 کو عبوری حکومت کا اعلان کیا گیا تھا جس میں ملا محمد حسن اخوند کو افغانستان کا وزیراعظم جب کہ ملا عبدالغنی برادراورمولوی عبدالسلام حنفی کو نائب وزرائے اعظم مقرر کیا گیا تھا۔
افغان طالبان نے اشارہ دیا ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت میں غیرطالبان اراکین کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ افغان عبوری حکومت میں غیرطالبان اراکین کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبان کی متعدد افغان رہنماؤں سے بات چیت جاری ہے،غیرطالبان اراکین کو اعلیٰ ترین عہدوں پر تعیناتی کا موقع مل سکتا ہے۔ سہیل شاہین نے کہا کہ رواں ماہ یا اگلے ماہ افغانستان میں باضابطہ حکومت کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے کہاکہ معاملات طے پانے کے بعد چین سمیت دیگر ممالک سے اعلیٰ سطح کے وفود کو دعوت دی جائے گی۔
عبوری کابینہ کی حلف برداری منسوخ،کابینہ کی حلف برداری منصوبہ کا حصہ نہیں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS