مسلم فریقین کو راحت،گیان واپی مسجد معاملے میں ہائی کورٹ نے دیا یہ فیصلہ

0
Image: The Siyasat Daily

لکھنو، (ایجنسی):الہ آباد ہائی کورٹ نے کاشی وشوناتھ مندرکمپلیکس میں گیان واپی مسجد کے اے ایس آئی سروے پر پابندی لگا دی ہے۔اس کے ساتھ ہائی کورٹ نے وارانسی نچلی عدالت میں جاری سماعت پر بھی روک لگا دی۔ جسٹس پرکاش پاڈیا کے سنگل بنچ نے یہ فیصلہ دیا۔ ہائی کورٹ دو ہفتوں کے بعد معاملے کی مزید سماعت کرے گی۔ درخواست گزار کے وکیل وشنو شنکر جین نے کہا کہ دو ہفتوں کے بعد معاملہ الہ آباد ہائی کورٹ میں سنا جائے گا،ساتھ ہی ہم اس کیس سے متعلقہ معلومات کو ہائی کورٹ کے سامنے رکھیں گے۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں تمام فریقین سے 2 ہفتوں میں تازہ جواب داخل کرنے کو کہا ہے،تب تک نچلی عدالت کے فیصلے پر روک لگا دی جائے گی۔ عدالت کے فیصلے سے مسلم فریقین کو فوری راحت ملی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اپریل میں وارانسی کی نچلی عدالت نے کاشی وشوناتھ مندر کمپلیکس میں واقع گیان واپی کے آثار قدیمہ سروے کا حکم دیا تھا۔ سینئر ڈویژن فاسٹ ٹریک کورٹ وارانسی کے جج آشوتوش تیواری نے سروے کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔ اس فیصلے میں مرکز کے محکمہ آثار قدیمہ کے 5 ماہرین کی ٹیم کو ہدایت کی گئی کہ وہ پورے کمپلیکس کا معائنہ کرے۔ کاشی یعنی وارانسی سے تعلق رکھنے والے مقامی وکیل وجئے شنکر راستوگی نے دسمبر 1991 میں سول جج کی عدالت میں سویم یمبھو جیوترلنگ بھگوان وشیشور کی جانب سے ایک درخواست دائر کی جس میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کے ماہرین سے درخواست کی گئی کہ پورے گیان واپی کمپلیکس کا سروے کیا جائے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS