ملک میں کوئی آئین نہیں،نیا آئین بنانے کا طالبان کا اعلان

0
image:aljazeera.com

کابل ( ایجنسی ) افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد طالبان نے ملک کا نیا آئین بنانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ افغانستان میں کوئی آئین نہیں ہے ،نیا آئین تیار کرکے منظور کیا جائے گا،افغانستان میں ابھی اقتدار کا خلاہے،کسی قسم کے الیکشن کا وقت نہیں ہے،بہت کام ہیں جو بعد میں کیے جائیں گے۔ چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سب سے پہلے جامع حکومت کے قیام کی ضرورت ہے،ملک میں افغانوں پر مشتمل نئی جامع حکومت کیلئے بات چیت جاری ہے،نئی جامع حکومت کے فریم ورک میں تمام افغان زیرغور ہیں،منتخب کئے جانے والی افغان شخصیات کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ہماری طالبان کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے،طالبان کمانڈروں کے ساتھ بات چیت کے لیے امریکا ہمیشہ تیار رہے گا،ہم نے نہ صرف افغانستان سے امریکی شہریوں اور فوجیوں کا انخلا یقینی بنانا ہے بلکہ ان کے ساتھ کام کرنے والے افغانیوں کو بھی بحفاظت یہاں لایا جائے گا،یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس کو پورے طریقے سے نبھائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گذشتہ روز وائٹ ہاؤس میں امریکی وزیر دفاع الائیڈ آسٹن اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے امریکی صدر جوبائیڈن کو افغانستان کی موجودہ صورتحال پربریفنگ دی،اس ملاقات اور بریفنگ کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ افغانستان سے تمام امریکیوں اور ان کی مدد کرنے والوں کو بحفاظت نکالا جائے،امریکی جنرل نے کہا کہ انخلا مکمل ہونے تک ائیرپورٹ کی سیکیورٹی کو اپنے ہاتھ میں رکھنا ہمارا مقصد ہے،اس اس دوران طالبان حملہ آور ہوتے ہیں تو ان کو پورا پورا جواب دیا جائے گا،ہمارے سفارتخانے کے گرد امریکی فوجی موجود ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS