غذائیت سے بھر پور اناج کابین الاقوامی سال ہندستان کی قیادت میں منایا جائے گا

0

نئی دہلی:(یو این آئی) 2023میں ہندستان کی قیادت میں پوری دنیا میں غذائیت سے بھرپو اناج بین الاقوامی سال بڑے پیمانہ پر منایا جائے گا۔اس سلسلہ میں وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کی صدارت میں آج اعلی سطحی میٹنگ ہوئی جس میں غذائیت سے بھر پور اناج کو فروغ دینے کے لئے مختلف پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت پہلے سے غذائیت سے بھر پور اناج سے متعلق اسکیمیں۔پروگرام چلا رہی ہے۔
مسٹرتومر نے بتایا کہ ہندستان میں کھیتی۔ کسانی اور کسانوں کو خوشحال کرنے کے نظریہ کے ساتھ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے فیصلہ کیا ہے کہ 2023میں ہندستان کی سرپرستی میں غذایت سے بھرپور اناج کا سال منایا جائے گا۔ اس کے اعلان کے لئے ہندستان کی طرف سے 2018میں اقوام متحدہ کی خوراک اور زراعت کی تنظیم (ایف اے او) کو خط بھیجا گیا تھا جس کے بعد ایف اے او کی زراعت سے متعلق کمیٹی اور کونسل کی طرف سے تجویز کو قبول کرنے اور ایف اے او کے 41ویں اجلاس میں تجویز کی حمایت کئے جانے سمیت دیگر عمل مکمل ہونے کے بعد یہ سال منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسٹر تومر نے بتایا کہ اس کے ذریعہ سے فوڈ سیکورٹی اور غذائیت کے لئے غذائیت سے بھرپور اناج کی شراکت داری کے بارے میں بیداری میں اضافہ مقصد ہے۔غذا اور صحت کی تبدیل ہوتے حالات کے درمیان غذائیت سے بھر پور اناج کی زیادہ اہمیت ہے، جو برسوں پہلے بڑے پیمانہ پر استعمال ہوتے تھے۔

وزیر زراعت مسٹر تومر نے بتایا کہ ملیٹس کی ترقی کے لئے حکومت نے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ 2018 میں اس کا قومی برس منایا گیا ساتھ ہی ایک مخصوص شناخت فراہم کرنے کے لئے ملیٹس کو غذائیت سے بھر پور اناج کے طورپر نوٹیفائیڈ کیا گیا۔ قومی فوڈ سیکورٹی مشن کے تحت ذیلی مشن کی شروعات کی گئی وہیں، اس کے ساتھ ساتھ باجرا ویلیو چین میں ریاستی حکومتوں او ر اسٹیک ہولڈرز کے لئے بیداری پروگرام چلائے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں 18بیج پیداوار ی مرکز اور 22بیج ہب قائم کئے گئے ہیں۔ کلسٹرز اور مظاہروں کے ذریعہ تکنالوجی کی منتقلی، باجرا کے لئے ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کرنے کے لئے تین بہترین مراکز قائم کرنے، نیوٹریشن مشن مہم میں ملیٹس کو شامل کرنے جیسے اقدامات بھی اس میں شامل ہیں۔ملیٹس کی کئی کسان پیدا کرنے سے متعلق تنطیمں (ایف پی او) بھی قائم کی گئی ہیں نیز انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ملیٹس ریسرچ نے کھیت سے تھالی تک ملیٹس پر مکمل ویلیو چین تیار کی ہے۔
غذائیت سے بھرپور اناج سال منانے کے لئے کی جانے والی سرگرمیوں کی تجاویز پر آج میٹنگ میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ہندستان کے ساتھ ہی دیگر ممالک میں بھی کئی پروگرام کئے جائیں گے۔ اس کا افتتاح وزیراعظم کی مہمان نواز ی میں کیا جائے گا۔2023میں پورے سال پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس سے پہلے بھی کئی پروگرام ابتدائی طورپر کئے جائیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS