دبئی : (یو این آئی) بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو مرد اور ویسٹ انڈیزخاتون ٹیم کی کپتان اسٹیفنی ٹیلر کو خواتین کے زمرے میں آئی سی سی ’پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ‘کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔دونوں کو جولائی مہینے میں ختم ہونے والی سیریز میں شاندار کارکردگی کے لئے یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔ تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن کو کرکٹ کے تینوں فارمیٹ (ٹیسٹ ،ون ڈے،ٹی 20) میں شاندار کارکردگی کے لیے جولائی کے مہینے کے لیے آئی سی سی کے ‘مینز پلیئر آف دی منتھ’ کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ تینوں فارمیٹ میں شکیب کی شراکت نے بنگلہ دیش کو گزشتہ ماہ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ اور محدود اوورز کی سیریز جیتنے میں مدد دی۔ دوسرے ون ڈے میچ میں انہوں نے ناٹ آوٹ 96 رنز بناکر ٹیم کو جیت دلائی تھی۔ انہیں اس اننگ کے لیے ‘پلیئر آف دی میچ’ بھی قرار دیا گیا۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں گیند کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سات کی اکانومی ریٹ سے تین وکٹیں حاصل کیں،جس سے ٹیم نے زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزبھی جیت لی۔ اس کارکردگی کی وجہ سے وہ آئی سی سی مینز ٹی 20 رینکنگ میں چوٹی کے آل راؤنڈر بھی بن گئے ہیں۔
مردوں کے زمرے میں شکیب نے ویسٹ انڈیز کے ہیڈن والش جونیئر اور آسٹریلیا کے سرکردہ آل راونڈر مشل مارش کو پیچھے کردیا ہے۔ویسٹ انڈیز کی خواتین آل راؤنڈر اور کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے جولائی میں پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نےبلے اور گیند دونوں کے ساتھ نمایاں شراکت کی۔ پاکستان کے خلاف چار ون ڈے میچز میں اسٹیفنی نے 79.18 کے اسٹرائیک ریٹ سے 175 رنز بنائے اور 3.72 کی اکانومی ریٹ سے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیفنی اپنی کارکردگی کی وجہ سے جولائی میں جاری ہونے والی آئی سی سی خاتون ون ڈے رینکنگ میں بلے بازوں اور آل راؤنڈروں میں چوٹی پر آگئی تھیں۔