اقتدار میں آنے پر ذات پر مبنی مردم شماری کرائیں گے:اکھلیش

0
The Hindu

لکھنؤ، (پی ٹی آئی/یو این آئی) : سماجوادی پارٹی کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے اتوار کو ریاست کے بی جے پی سرکار کی تنقید کی اور کہا کہ آئندہ اسمبلی الیکشن کے بعد سماجوادی پارٹی اور اس کی معاون پارٹی مہان دل کی سرکار بنے گی۔ ’مہان دل نے ٹھانا ہے- ایس پی کی سرکار بنانا ہے‘ کے نعروں کے درمیان اکھلیش یادو نے اتوار کو سماجوادی ہیڈ کوارٹرس میں مہان دل کے کارکنان سمیلن کو بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’جو نعرہ آپ نے دیا ہے، اسے کئی پروگراموں میں سنا گیا ہے۔ کاس گنج کے تاریخی عوامی جلسے میں آپ کی پارٹی کی ٹوپی اور آپ کا جھنڈا لہراتا دکھائی دے رہا تھا اور ہم لوگ کسانوں کی حمایت میں کھڑے ہوئے تھے۔ جو نعرہ وہاں شروع ہوا تھا، وہ لکھنؤ کے قریب آ گیا ہے۔‘ دراصل کاس گنج میں اسی سال مارچ میں 3 زرعی قوانین کے خلاف مہان دل اور سماجوادی پارٹی نے ایک مہا پنچایت منعقد کی تھی اور اسی دن اکھلیش یادو نے اشارہ دیا تھا کہ سماجوادی اورمہان دل مل کر اسمبلی الیکشن لڑیں گے۔ یادو نے کہا کہ ’ابھی تک تو میں 350 سیٹوں پر جیت کی بات کہہ رہا تھا لیکن مہان دل سے پروگرام طے ہونے کے بعد 400 سیٹ پر جیت پکی ہو گئی ہے۔‘
سماجوادی سربراہ نے ریاست کے نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ کو نقلی کیشو بتاتے ہوئے کہا کہ اصلی کیشو کو مہان دل کے صدر کیشو دیو موریہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’بی جے پی کے لوگ ذات پر مبنی مردم شماری نہیں کرانا چاہتے ہیں اور ہمارے آپ کے درمیان لڑائی کرانا چاہتے ہیں لیکن اگر سماجوادی پارٹی کی سرکار بنے گی تو یہ مردم شماری ہوگی۔‘ اکھلیش یادو نے کہا کہ ان کی سرکار کے اقتدار میں آنے کے بعد ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی۔ اکھلیش یادو نے اتوار کو کہا کہ دلتوں اور پسماندوں کو ورغلا کر اقتدار تک پہنچنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) دراصل آئین کے معمار بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر اور گوتم بدھ کے بتائے ہوئے راستے پر دیوار بن کر کھڑی ہو گئی ہے۔ انتخابات نزدیک آتے دیکھ کر دلتوں کو پسماندہ طبقے کو وزیر بنا کرلالی پاپ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلت، پسماندہ ،محروم طبقے کے مفادات کے تحفظ کے لیے ذات پر مبنی مردم شماری بہت ضروری ہے اور ان کی جماعت اقتدار میں آنے کے بعد یہ کام ترجیحی بنیادوں پر کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دلت، پسماندہ ،محروم طبقے کے مفادات کے تحفظ کے لیے ذات پر مبنی مردم شماری بہت ضروری ہے اور ان کی جماعت اقتدار میں آنے کے بعد یہ کام ترجیحی بنیادوں پر کرائے گی۔
اکھلیش یادو نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’کیا آپ کو لگتا ہے کہ وہ یوگی ہیں، سوچو کہ ان کی زبان کیا ہے، انہوں نے نیتا جی کے بارے میں کیا کہا۔ ویسے ہم اس جھگڑے میں نہیں پڑیں گے لیکن اصلی لڑائی یہ ہے کہ کیا اترپردیش خوشحالی کے راستے پر جائے گا یا نہیں، کیونکہ انہوں نے (یوگی نے) ترقی روک دی ہے اور ان کی ترقی صرف اشتہارات میں ہے۔‘ پروگرام کو مہان دل کے قومی صدر کیشو دیو موریہ نے بھی خطاب کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS