نئی دہلی (ایجنسیاں) : پارلیمنٹ میں حزب اقتدار اور حزب مخالف میں جاری گھمسان کے درمیان مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کے روز یہاں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔پیر کی شام قومی دارالحکومت پہنچیں محترمہ بنرجی نے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق منگل کی شام چار بجے وزیراعظم سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے ٹویٹ کر کے یہ اطلاع دی گئی کہ محترمہ بنرجی نے آج وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ٹویٹ کے ساتھ دونوں رہنماؤں کا فوٹو بھی جاری کیا گیا ہے ۔ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے دوران ؛دونوں رہنماؤں کے مابین سخت نکتہ چینی اور تبصرہ ہوا تھا، اس کے بعد دونوں کی باضابطہ یہ پہلی ملاقات تھی۔ میٹنگ کے بعد محترمہ بنرجی نے کہا کہ وہ خیرسگالی کے طور پر وزیراعظم سے ملاقات کے لیے آئی تھیں اور اس کے لیے انہوں نے پہلے سے وقت مانگا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران کووڈوبا کے سبب پیدا شدہ صورتحال اور ٹیکہ کاری اور دیگر دواؤں کی دستیابی کے سلسلے میں بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے بات چیت میں ریاست کا نام بدلنے سے متعلق بات کی۔ محترمہ بنرجی نے کہا کہ حکومت کو پیگاسس مسئلے پر آل پارٹی میٹنگ بلانی چاہیے اور اس معاملے کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تفتیش کی جانی چاہیے ۔ ترنمول کانگریس کی رہنما نے قبل ازیں کانگریس کے رہنما کمل ناتھ سے بھی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں محترمہ بنرجی کا اپوزیشن کے کچھ دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کا پروگرام ہے ۔ اس سے پہلے انہوں نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کمل ناتھ اور آنند شرما سے ملاقات کی تھی۔ وہ بدھ کو صدر جمہوریہ رامناتھ کووند سے بھی ملاقات کرسکتی ہیں۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پیر کو اپنے پانچ روزہ دورے پر دہلی پہنچی ہیں۔ تیسری مرتبہ مغربی بنگال کی کمان سنبھالنے کے بعد ممتا بنرجی کا قومی راجدھانی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ترنمول کانگریس کی سربراہ بدھ کو دس جنپتھ میں کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کریں گی۔ ابھیشیک منو سنگھوی سمیت اپوزیشن پارٹیوں کے کئی لیڈروں سے ان کی ملاقات کا پروگرام ہے۔ ترنمول کانگریس کے ذرائع نے کہا کہ 26 سے 30 جولائی کے دورے کے دوران ممتا بنرجی پارلیمنٹ بھی جاسکتی ہیں ، جہاں مانسون سیشن چل رہا ہے۔ ترنمول سپریمو ممتا بنرجی 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے بی جے پی مخالف پارٹیوں کا اتحاد بنانے کے امکانات تلاش کرنے کیلئے دہلی میں اپوزیشن لیڈروں سے بات چیت کریں گی۔اس سے پہلے کولکاتہ میں ریاستی وزرا کی ایک خاص میٹنگ میں شرکت کرنے کے بعد ممتا بنرجی قومی راجدھانی دہلی کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔دریں اثنا وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد جب ممتا سے پوچھا گیا کہ وزیر اعظم نے کیا کہا تو اس پر انہوں نے کہا کہ ان کی بات میں اپنے منھ سے کہوں یہ ٹھیک نہیں ہوگا۔ وزیر اعظم نے میری مانگ پر کہا کہ وہ اس معاملے کو ضرور دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں 2 سال بعد دہلی آئی ہوں۔ الیکشن کے بعد ملاقات کرنا ہی پڑتا ہے، اس لیے وزیر اعظم سے ملنے آگئی ہوں۔
ممتا بنرجی نے پیگاسس مسئلے پر آل پارٹی میٹنگ بلانے کی مانگ کی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS