ممبئی میں آسمانی قہر سے زبردست تباہی 30 افراد سے زائد ہلاک

0
Republic World

ممبئی (یو این آئی) : عروس البلاد ممبئی میں ہفتہ کی رات گئے مسلسل ہونے والی بارش کے دوران چٹانیں کھسکنے اور مکانات و دیوار گرنے کے واقعات کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 30سے تجاوز ہو چکی ہے۔ شہر کے مضافاتی علاقوں چمبور اور وکرولی کے علاقوں میں راحت رسانی کا کام جاری ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے مہلوکین کے ورثا کو 2-2لاکھ اور وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے 5-5لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی سرکار نے مفت علاج کابھی اعلان کیا ہے۔ ممبئی فائر بریگیڈ کے محکمہ نے کہاکہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پہاڑی پر واقع ایک دیوار کچھ مکانات پر گر گئی، جس کے نتیجے میں 17افراد ہلاک ہو گئے۔ افسر نے بتایا کہ ممبئی کے بھارت نگر علاقہ کی دیوار رات کے ایک بجے منہدم ہوئی۔ اس واقعہ میں 7 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی راجہ واڑی اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ ایک دوسرے حادثہ میں ممبئی کے مشرقی مضافات وکرولی نامی علاقے میں بارش کے بعد رات ڈھائی بجے ہونے والے حادثہ کے سبب 7 جھونپڑی مکین ہلاک ہو گئے۔ اس واقعہ میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی اسپتال بھیج دیا گیا۔ مضافاتی بھانڈوپ علاقہ میں بھی محکمہ جنگلات کے احاطے کی دیوار گرنے کی وجہ سے ایک 16سالہ لڑکے کی موت ہو گئی۔ممبئی میں چند روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور رات دیر گئے بھاری بارشوں کے درمیان معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے اور ویسٹرن اور سینٹرل ریلویز کی مضافاتی ٹرین خدمات اور ان کی آمدورفت میں بھی خلل پڑا ہے۔ حکام کے مطابق دونوں مغربی ریلوے اور وسطی ریلوے نے شدید بارش کے بعد ممبئی میں مضافاتی ٹرین خدمات کو مختصر وقت کیلئے معطل کر دیا ہے اور متعدد طویل مسافت والی ٹرینوں کو یا تو منسوخ کر دیا ہے یا ان کے اوقات تبدیل کر دیئے ہیں۔چند ٹرینوں کو کلیان ،تھانے اور دیگر مقامات پر روک دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شدید بارش کے پیش نظر ممبئی کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔ محکمہ کے علی الصباح جاری کئے گئے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ موسمی حالات میں اچانک تبدیلی ہونے کے بعد ممبئی میں 6گھنٹوں کے دوران 100ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔ اس کے بعد شہر کیلئے جاری کئے گئے آرینج الرٹ کو ریڈ الرٹ سے تبدیل کر دیا گیا۔ اتوار کی صبح 6.30بجے تک ممبئی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پچھلے 12 گھنٹوں کے دوران 120ملی میٹر سے زیادہ بارش درج کی گئی ہے،جبکہ ممبئی میں چند مقامات پر بھاری سے بہت بھاری بارش ہونے کا امکان ہے اور یہاں 24گھنٹوں میں 204.5ملی میٹر سے زیادہ بارش درج کی جا سکتی ہے ۔ صبح جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا کہ شہر کے سانتا کروز میں 213ملی میٹر، باندرہ میں 197.5ملی میٹر اور شہری علاقہ قلابہ میں 174ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ممبئی مضافات کے نگراں وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے واشی ناکہ بھارت نگر کادورہ کیا ہے اور راحتی کاموں کاجائزہ لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS