نئی دہلی: (یو این آئی) پارلیمنٹ کے مانسوسن سیشن کی ماقبل شام؛ اتوار کے روز یہاں ہوئی کل جماعتی اجلاس میں حکومت نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اپوزیشن کے ہر مسئلے پر معنیٰ خیز اور صحتمند بحث کے لیے تیار ہے بشرطیکہ وہ پر امن ڈھنگ سے پارلیمانی روایت اور ضابطوں کے مطابق ہو۔
پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی میں ڈھائی گھنٹے سے زیادہ وقت تک چلی اس میٹنگ میں وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں یہ یقین دہانی کروائی۔ کل جماعتی میٹنگ کے ختم ہونے کے بعد راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کی صدارت میں اپوزیشن لیڈران نے ایک علاحدہ کمرے میں اپنی حکمت عمل کی بابت میٹنگ کی۔
ذرائع کے مطابق کسانوں کی تحریک، مہنگائی، بے روزگاری، پٹرول-ڈیزل کی قیمت اور کورونا وبا کے بحران کے حوالے سے اپوزیشن کے تیور سخت ہیں اور آغاز میں دونوں ایوانوں میں مزاحمت نظر آسکتی ہے۔
میٹنگ کے بعد ، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے صحافیوں کو بتایا کہ مانسون سیشن کے پیش نظر ، پارٹی کے 40 سے زیادہ رہنماؤں نے کل جماعتی اجلاس میں شرکت کی اور تجاویز پیش کیں کہ کن موضوعات پر بحث ہونی چاہیے۔ آخر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ عوامی نمائندوں بالخصوص حزب اختلاف کے اراکین پارلیمنٹ کی تجاویز اہم ہیں کیونکہ وہ زمین سے آتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان تجاویز کو بحث میں شامل کرنے سے بحث کو تقویت ملتی ہے۔
جوشی نے کہا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ بامقصد اور صحت مندبحث ہو۔ بحث پرامن اور قواعد کے تحت ہونی چاہئے۔ جمہوریت کی روایت کو ملحوظ رکھتے ہوئے اراکین مسائل کو اٹھانا چاہتے ہیں ، حکومت قواعد و ضوابط کے ذریعے ہر ایک پر بحث کرنے کے لیے تیار ہے۔
پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے انھیں خراج عقیدت پیش کیا جو کووڈ -19کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ ایک سوال پر ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ بحث سے متعلق امور پر تجاویز دیں اور ان پر فیصلہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں کیا جائے گا۔