کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدیورپا کی بی جے پی کے اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقات

0
firstpost.com

نئی دہلی : (یو این آئی) کرناٹک میں قیادت کی تبدیلی کی خبروں کے درمیان ریاست کے وزیر اعلی بی ایس یدیورپا نے آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کئی اعلی رہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔
بی جے پی ذرائع کے مطابق مسٹر یدیورپا نے وزیر داخلہ امت شاہ ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا سے ملاقات کی۔ اس سے قبل انہوں نے کل وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔
امت شاہ سے ملاقات کے بعد مسٹر یدیورپا نے صحافیوں کو بتایا ’’امت شاہ نے مجھ سے کرناٹک میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے لئے سخت محنت کرنے کو کہا۔ یہ بھی کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتنی چاہئے‘‘۔
انہوں نے کہا’’وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم اتر پردیش میں سو فیصد جیتیں گے اور کرناٹک میں ہمارا مستقبل روشن ہے۔ امت شاہ نے کرناٹک میں پارٹی کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری لینے کی بات کی۔ میں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ میں پیچھے نہیں ہٹوں گا اور پوری ذمہ داری قبول کروں گا۔‘‘

بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کے بعد اپنے استعفیٰ کی قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے یدیورپا نے کہا’’ایسی خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ کسی نے مجھ سے استعفیٰ نہیں مانگا۔ ایسی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔ ریاست میں قیادت کی تبدیلی پر بحث نہیں ہوئی۔ کرناٹک میں پارٹی کی ترقی پر میں نے مسٹر نڈا کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔ میرے بارے میں ان کی بہت اچھی رائے ہے۔ میں ریاست میں پارٹی کے اقتدار میں آنے کے لئے کام کروں گا‘‘۔
مسٹر یدیورپا نے جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ 20 منٹ کی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے ریاست کی ترقی سے متعلق زیرالتواء منصوبوں بشمول’میکیداتو ڈیم‘پروجیکٹ پرجلد عمل درآمد کی اپیل کی۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر یدیورپا کے استعفی کے بارے میں قیاس آرائیوں کے بارے میں بہت ساری اطلاعات تھیں۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ مسٹر یدیورپا کو وزیر اعلی کے عہدے سے ہٹایا جارہا ہے۔ انتظامیہ میں بدعنوانی اور مداخلت کے الزامات پر کرناٹک کے کچھ ناراض بی جے پی رہنما یدیورپا اور اس کے کنبے کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پارٹی کا ایک گروہ ان کی عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی برطرفی کا مطالبہ اور 2023 کے اسمبلی انتخابات میں نئے وزیر اعلی کا چہرہ پیش کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS