نئی دہلی (ایس این بی) : جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر نئی دہلی میں واقع مدنی ہال میں امارت شرعیہ ہند کا ایک روزہ نمائندہ اجتماع حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے امارت شرعیہ ہند کے ارکان شوریٰ، جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران اور منتخب ارباب حل و عقد شریک ہوئے۔اجتماع میں مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری کی وفات کے بعد خالی ’امیر‘ کی جگہ پر کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے صدر جمعیۃ علما ء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے اس باوقار منصب کے لیے جامع کمالات شخصیت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند وصد المدرسین دارالعلوم دیوبند کا نام پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس وقت ملی ضروریات میں جن اہم کاموں کو اولیت حاصل ہے، اس میں امارت کا کام بھی شامل ہے ، آج مسلم معاشرہ بالخصوص خانگی مسائل میں کافی بگاڑ پیدا ہو گیا ہے ، اس کو حل کرنے کے لیے محکمہ شرعیہ کے نظام بڑھانے اور اصلاح معاشرہ کی تحریک کی ضرورت ہے۔ اجتماع میں مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے امیر الہند مرحوم مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری ؒپر ایک تجویز تعزیت پیش کی۔
صد ر اجتماع مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے مولانا سید ارشد مدنی کے نام کا اعلان کیا ۔حالانکہ مولانا مدنی نے اپنی ضعیف العمری کی وجہ سے معذرت ظاہر کی، تاہم تمام مجمع کی تائید کے بعد وہ امیر الہند خامس منتخب ہو ئے۔ بعد میں شریک علماء ، داعیان نیز دیگر حاضرین نے ان کے ہاتھ پر بیعت سمع و طاعت کی ۔ بعد میں امیر الہند خامس مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے کلیدی خطا ب میں کہا کہ اسلام میں امارت کا بہت بڑ ا مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے قیام کے محض ایک سال بعد1920 میں حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندی ؒ مالٹا سے واپس تشریف لائے تو آپ کو جمعیۃ علماء ہند کا مستقل صدر منتخب کیا گیا ، چنانچہ آپ کی صدارت میں جمعیۃ علماء ہند کا اجلاس دوم منعقد ہوا، اس میں شیخ الہند ؒ نے قومی سطح پر امیر الہند کے انتخاب کی تجویز پیش کی ۔ بعد میں محض 12 دن بعد کا انتقال ہو گیا تو ان کے جانشین شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنی ؒ نے اس مشن کو آگے بڑھایا لیکن بعض وجوہ سے اس وقت یہ کام آگے نہیں بڑھ پا یا۔ بعد میں اللہ تعالی نے فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ کو توفیق بخشی جن کی قیادت میں امارت شرعیہ ہند کا قیام عمل میں آیا۔
امیر الہند خامس نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مفتی سید محمد سلمان منصورپوری استاذ حدیث جامعہ قاسمیہ شاہی مرادآباد و جنرل سکریٹری مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کو نائب امیر الہند بنائے جانے کا بھی اعلان کیا جس کی اجتماع نے تائید کی ۔ اس سے قبل امارت شرعیہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے مولانا مفتی سید محمد سلمان منصورپوری نے کہا کہ دنیاکے نظام میں 2 شعبوں کی بڑی اہمیت ہے ، ایک تو حکومتی شعبہ ہے اور دوسرا عدلیہ کا شعبہ ہے۔
امارت شرعیہ ہند:مولاناسید ارشد مدنی امیر الہند خامس منتخب
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS