سری نگر: (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ہانجن راجپورہ میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کو چھڑنے والے ایک مسلح تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ تین جنگجو مارے گئے ہیں۔ تصادم آرائی کے دوران ایک فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوا ہے۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہانجن راجپورہ میں جاری جنگجو مخالف آپریشن میں لشکر طیبہ سے وابستہ تین جنگجو مارے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ تصادم کے دوران فوج کی 44 آر آر کے دو جوان زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان بحق ہو گیا۔
دیں اثنا سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ایک ترجمان نے مہلوک فوجی جوان کو ڈیوٹی کے دوران وطن کے تحفظ کے لئے اپنی زندگی نچھاور کرنے پر خراج پیش کیا ہے۔
انہوں نے مہلوک فوجی جوان کی شناخت حوالدار کاشی راؤ کے بطور کی ہے۔ ترجمان نے مہلوک کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔
دریں اثنا ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوج کی آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعرات کی شب دیر گئے پلوامہ کے ہانجن راجپورہ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم جوں ہی ایک مشتبہ مکان کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
ادھر حکام نے علاقے میں احتیاطی طور پر موبائل انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا ہے۔
پلوامہ تصادم: تین جنگجو اور ایک فوجی جوان ہلاک
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS