نئی دہلی: (یو این آئی) دہلی کے نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے جنوبی مغربی دہلی کے نصیر پور گاؤں میں جمعرات کے روز ایک نئے اسکول کا سنگ بنیاد رکھا۔ مسٹر سیسودیا نے کہا کہ حکومت نو ماہ کے اندراس زمین پرایک اعظیم الشان اسکول کی عمارت تعمیرکرے گی ۔ اس میں تعلیم کےساتھ ساتھ بچوں کے لئے کھیلوں کی سہولیات کا بھی پورا خیال رکھا جائے گا اور اسکول میں سوئمنگ پول اور اسپورٹ فیسیلیٹیز بھی بنائے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اگلے تعلیمی سیشن سے یہاں بچے تعلیم حاصل کرنا شروع کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے پاس کے اسکول میں 6000 بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں ۔ نیا اسکول تعمیر ہونےسے اس اسکول پر دباؤ کم ہوگا۔
نائب وزیر اعلی نے آج مسلسل دوسرے ہفتے وزیر صحت ستندر جین کے ساتھ دہلی میں تعمیر ہونے والی نئی اسکول عمارت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جنوب مغربی ضلع کے 3 اسکول گورنمنٹ کو-ایڈ ایس وی ، دیچاوں کلاں ، جی بی ایس ایس ایس ، دیچاوں کلاں اور گورنمنٹ کو ایڈ ایس ایس سیکٹر 16 دوار کا دورہ کیا۔
واضح رہے کہ نائب وزیر اعلی نے جس زمین پر اسکول کا سنگ بنیاد رکھا وہ زمین اس سے پہلے گرام سبھا کی تھی۔ بعد میں ڈی ڈی اے نے یہ زمین حاصل کر کے اسے دہلی حکومت کے محکمہ تعلیم کو الاٹ کی تھی ۔ زمین 2007 میں ڈی ڈی اے سے محکمہ تعلیم کو ملی۔ لیکن اس زمین پر لینڈ مافیا نے قبضہ کیا ہوا تھا ۔ اب انتظامیہ نے اس اراضی کو غیر قانونی قبضے سے بازیاب کرا لیا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہاں 2500 بچوں کے لئے عالمی سطح کی سہولیات والا اسکول بنانے کے لئے کام شروع کیا جارہا ہے۔