نئی دہلی، اقوام متحدہ (ایجنسیاں) : ہندوستان نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے اسلحہ کے طور پر ڈرون کے استعمال کے خدشہ پر عالمی برادری کو سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ہندوستان نے جموں ہوائی اڈے پر دھماکہ خیز اشیاء سے بھرے 2ڈرونوں کے ہندوستانی ایئرفورس اسٹیشن میں دھماکہ ہونے کے 2دن بعد اقوام متحدہ کے اجلاس میں یہ بات کہی۔ ہندوستان کی وزارت داخلہ کے اسپیشل سکریٹری (داخلی سیکورٹی) وی ایس کمودی نے کہاکہ غلط تشہیر، کیڈر کو سخت گیر بنانے اور بھرتی کرنے کیلئے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا جیسی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا غلط استعمال، دہشت گردی کیلئے رقم مہیا کرانے کیلئے کراڈ فنڈنگ( انٹرنیٹ مہم) اسٹیجوں اورادائیگی کے نئے طریقوں کے غلط استعمال اور دہشت گردانہ مقاصد کیلئے ابھرتی ٹیکنالوجی کے غلط استعمال دہشت گردی کے سب سے سنگین خطروں کے طو رپر ابھرے ہیں۔ دہشت گردی کو روکنے کیلئے جن طریقوں کا استعمال کیا جائے گا، وہ انہی بنیادوں پر طے ہوں گے۔ دریں اثنا کانگریس لیڈر جے بیر شیرگل نے کہاکہ ہندوستان کی جانب سے اقوام متحدہ میں دہشت گردی کو فروغ دینے کیلئے ڈرون کے استعمال کا معاملہ اٹھانا صحیح قدم ہے، لیکن سرکار کو ڈرون کا مقابلہ کرنے کیلئے اسلحہ خریدنے پر توجہ دینی چاہئے۔
دوسری جانب وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں ایئر فورس اسٹیشن پر ڈرون حملے سے پیدا ہونے والے خطرے اور چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیلئے آج یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ جموں ایئر فورس اسٹیشن پر گزشتہ اتوار کی شب ڈرون حملے کے 2 دن بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ، ہوم سکریٹری اجے بھلا اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور متعدد دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر اجلاس میں شرکت کی۔ذرائع کے مطابق وزیر دفاع ، جو 3 روزہ لیہ اور لداخ کے دورے سے واپس آئے تھے، نے اجلاس میں جموں میں ڈرون حملے کے بارے میں تفصیلی اطلاعات دیں۔ میٹنگ میں ڈرون حملوں سے نمٹنے کیلئے جامع پالیسی کی تشکیل اور مسلح افواج کو ڈرون مخالف آلات سے لیس کرنے کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں سلامتی کی صورتحال کا بھی جامع جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ اتوار کی رات جموں ایئر فورس اسٹیشن پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا، جس میں فضائیہ کے 2اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS