سری نگر: (یو این آئی) سکیورٹی فورسز نے شمالی کشمیر کے سوپور میں ایک شبانہ آپریشن کے دوران ایک اعلیٰ کمانڈر اور ایک پاکستانی رہائشی سمیت لشکر طیبہ کے تین جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
مہلوک جنگجوئوں میں سے دو کی شناخت لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر مدثر پنڈت اور پاکستانی جنگجو اسرار عرف عبداللہ کے طور پر ظاہر کی گئی ہے۔
جموں و کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مدثر پنڈت تین پولیس اہلکاروں، دو کونسلروں اور دو عام شہریوں کی حالیہ ہلاکتوں سمیت کئی دیگر جرائم میں ملوث تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سوپور کے گنڈ براٹھ میں مدثر پنڈت اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں گزشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ مشتبہ جگہ کو گھیرے میں لینے کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے فائرنگ کی جبکہ جوابی کارروائی میں مدثر پنڈت اور اس کے دو ساتھیوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے بتایا کہ مدثر پنڈت تین پولیس اہلکاروں، دو کونسلروں اور دو عام شہریوں کی حالیہ ہلاکتوں کے علاوہ متعدد دیگر ‘ٹیرر کرائمز’ میں ملوث تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مدثر پنڈت کے ساتھ ایک پاکستانی جنگجو اسرار عرف عبداللہ کو بھی ہلاک کیا گیا ہے جو شمالی کشمیر میں سنہ 2018 سے سرگرم تھا۔
وجے کمار کا مزید کہنا تھا کہ مدثر پنڈت کی ہلاکت سے مقامی آبادی کو بڑی راحت نصیب ہوگی۔
دریں اثنا سری نگر میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل عمران موسوی نے بتایا کہ سوپور کے گنڈ براٹھ میں جنگجو مخالف آپریشن جموں و کشمیر پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاعات کی بنا پر شروع کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا: ‘اس آپریشن کے دوران تین جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ عام لوگوں یا سکیورٹی فورسز کا نہ نقصان نہ ہو یہ یقینی بنانے کے لئے بہت زیادہ احتیاط سے کام لیا گیا ہے’
کشمیر کے سوپور میں مسلح جھڑپ، اعلیٰ کمانڈر سمیت لشکر طیبہ کے 3 جنگجو ہلاک
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS