نئی دہلی، (یو این آئی) ریختہ فاؤنڈیشن نے اردو زبان سیکھنا اور سمجھنا آسان بنانے کے لئے ریختہ لغت تیار کی ہے جو تین زبانوں اردو، ہندی اور انگریزی میں ہے اور اسے دنیا میں کہیں بھی مفت استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ریختہ فاؤنڈیشن کے سنجیو سراف نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ملک میں اردو زبان اور شاعری کے شائقین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور یہ رجحان پوری دنیا میں پھیلاہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کچھ لوگ قارئین اور سامعین کی حیثیت سے اردو زبان سے وابستہ ہیں، وہیں بہت سارے لوگ ایسے ہیں جن کی دلچسپی اردو زبان اور اسکرپٹ سیکھنے، شاعری سمجھنے، تحقیق اور بہت ساری وجوہات پر مبنی ہے۔ اس طرح کا وقت کسی بھی زبان کے لئے بہت اہم ہوتا ہے اور اس زبان کی جامع لغت ایک ضرورت بن جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اردو زبان لغت کے معاملے میں ایک غریب زبان رہی ہے۔ زیادہ تر لوگ جو اردو زبان سے محبت کرتے ہیں وہ اس کی رسم الخط سے آگاہ نہیں ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اس حقیقت کو جاننے کے باوجود ابھی تک اس سمت میں کوئی تفصیلی کام نہیں کیا جاسکا تھا۔ لیکن اب ریختہ فاؤنڈیشن کی جانب سے اس جانب ایک قابل ستائش پہل کی گئی اور اس تدوین شدہ ورچوئل لغت اپنی نوعیت کی پہلی کاوش ہے جو تین زبانوں اور رسم الخط میں دستیاب ہے۔ دنیا میں کہیں سے بھی یہ لغت مفت میں استعمال کے لئے rekhtadictionary.com پر دستیاب ہے۔
مسٹر سنجیو سراف نے کہا کہ ” ہم ورچوئل ریختہ لغت کو اردو، ہندی اور انگریزی ڈکشنری کہہ سکتے ہیں۔ اس میں ہمیں صرف اس لفظ پر کلک کرنا ہے جس کو ہم تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ کسی بھی لفظ پر صرف ایک کلک کرنے سے، اس لفظ کی تفصیلات صارف کے سامنے کھل جاتی ہیں جہاں اس کا معنی تین زبانوں اردو، ہندی، انگریزی اور تین رسم الخط یعنی نستعلیق، دیوناگری اور رومن اسکرپٹ میں دستیاب ہے۔ یہ ڈکشنری ڈیجیٹل ہونے کی بدولت، تمام الفاظ کا تلفظ اور مخرج واضح طورپر سنا جاسکتا ہے اور اردو ، ہندی اور رومن رسم الخط میں اس لفظ کا ہجا بھی لکھا گیاہے۔ اردو میں عام طور پر اعراب (حرکات)کے استعمال کا رواج کم ہوتا ہے، جس کی وجہ سے نئے سیکھنے والوں کے لئے لفظوں کا تلفظ کرنا مشکل ہوجاتا ہے، لیکن ہندی اور انگریزی اسکرپٹ کی مدد سے وہ اس لفظ کا واضح تلفظ سیکھ سکتے ہیں۔
اس لغت میں پرانی روایت کے مطابق کسی مخصوص لفظ کو شاعروں نے کس طرح استعمال کیا ہے، اس کی جدید اور کلاسیکی مثالیں بھی لکھی گئی ہیں۔ کوئی لفظ کہاں سے شروع ہوا، وہ کہاں کہاں سے گزرا اور وقت کے ساتھ اس میں کس طرح تبدیلی ہوئی، ان سب کی معلومات بھی اس لغت میں تفصیل سے دستیاب ہیں۔ تلاش کئے جانے والے الفاظ کے مترادفات اور مضادات کو بھی ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔ اس لغت میں اردو زبان کے امثال، محاورے اور روزمرہ کی کہاوتیں بھی درج کی گئی ہیں۔ ریختہ لغت میں ہر لفظ کے مختلف اطوار پر کام کیا گیا ہے جس سے سماج کے مختلف طبقات کے لوگ اپنی ضروریات اور دلچسپیوں کے مطابق اس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔