جموں: (یو این آئی) گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں میں شعبہ میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر وجے کنڈل نے کہا کہ کووڈ 19 کے مریضوں کو سیلف میڈیکیشن سے اجتناب کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بعض مریض ہسپتال آنے میں اتنی تاخیر کرتے ہیں کہ ان کا علاج کرنا مشکل ثابت ہوتا ہے۔
ڈاکٹر وجے کنڈل نے ہفتے کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا: ‘اگر کسی میں کووڈ کی علامات ہیں تو وہ سیلف میڈیکیشن سے اجتناب کریں۔ کچھ لوگ ہسپتال آنے میں اتنی تاخیر کرتے ہیں کہ ان کا علاج کرنا مشکل بن جاتا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘سٹیرائڈز ایک دوہری دھار والی تلوار ہے۔ اگر ان ادویات کا مناسب استعمال کیا جائے تو جان بچا سکتی ہیں، لیکن اگر حد سے زیادہ استعمال کیا گیا تو جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں’۔
ڈاکٹر کنڈل نے لوگوں سے اپیل کی کہ جہاں تک ممکن ہو سکے گھروں سے باہر نہ نکلیں
ان کا کہنا تھا: ‘کووڈ کبھی چل کر ہمارے گھر نہیں آئے گا، جب آئے گا تو ہم اُس کو اپنے ساتھ لانے والے ہوں گے۔ اگر کسی وجہ سے آپ کو گھر سے باہر نکلنا پڑتا ہے تو آپ باہر قدم رکھنے سے پہلے ماسک پہنیں’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘جب تک ہم سب مل کر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل نہیں کریں گے کورونا کی زنجیر کو توڑنا مشکل ہے۔ ماسک کا استعمال، سماجی دوری اور ہینڈ سینیٹائزیشن بہت ضروری ہے’۔
ڈاکٹر موصوف نے کہا کہ کورونا سے لڑنے کا سب سے اہم بچائو اور ہتھیار ویکسینیشن ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘لوگ اپنی باری پر جلد از جلد ویکسینیشن کروائیں۔ جو لوگ ویکسین کرواتے ہیں ان میں یہ بیماری کم پائی گئی ہے۔ اگر وہ اس بیماری میں مبتلا ہو بھی جاتے ہیں لیکن اس کا اثر بہت کم ہوتا ہے’۔
کووڈ 19 کے مریض سیلف میڈیکیشن سے اجتناب کریں: طبی ماہر
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS