راجستھان کو 7وکٹوں سے شکست دے کر انڈینس نے درج کی تیسری جیت

0
image:timesnownews

نئی دہلی (ایجنسیاں) :آئی پی ایل 2021 سیزن کے 24 ویں میچ میں ممبئی انڈینس نے راجستھان رائلز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ممبئی رواں سیزن میں پہلی بار ہدف کے تعاقب میں اترا اور میچ جیت گیا۔ ممبئی انڈینس کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں اب تک مسلسل 7 میچ جیت چکی ہے۔ اسے آخری بار 2020 کے سیزن میں آر سی بی نے شکست دی تھی۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راجستھان نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 171 رن بنائے۔ جواب میں ممبئی نے 18.3 اوور میں 3 وکٹوں پر 172 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ ممبئی انڈینس کے لئے کوئنٹن ڈِکاک نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ یہ آئی پی ایل میں ان کا 15 واں نصف سنچری تھا۔ اس جیت کے ساتھ ممبئی انڈینس پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر ہے وہی راجستھان کی ٹیم ساتویں مقام پر کھسک گئی ہے۔ہدف کے تعاقب میں اتری ممبئی انڈینس کی ٹیم کو کرس مورس نے ابتدائی جھٹکے دیئے۔ انہوں نے کپتان روہت شرما کو چیتن ساکریہ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ روہت 17 گیندوں پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ روہت نے ڈی کاک کے ساتھ 49 رنز کی اوپننگ شراکت کی۔ اس کے بعد ، سوریا کمار یادو کو جوس بٹلر کے ہاتھوںکیچ کراکر مورس نے ممبئی کو دوسرا جھٹکا دیا۔سوریہ کمار نے 10 گیندوں پر 16 رن بنائے۔
لیکن اس کے بعد ڈی کاک نے کرونال پانڈیا کے ساتھ ممبئی کی اننگ کو سنبھال لیا۔ ان دونوں نے 46 گیندوں پر 63 رنز کی شراکت کی۔ کرونال 26 گیندوں پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں مستفیض الرحمن نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد ڈی کاک اور کیرون پولارڈ نے 11 گیندوں پر 26 رنز کی ناقابل شکست شراکت کے ساتھ میچ جیت لیا۔ پولارڈ 8 گیندوں پر 16 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ڈی کاک کو عمدہ بلے بازی کے لیے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل پہلے بلے بازی کرنے اتری راجستھان رائلز کوجوس بٹلر اوریسسوی جیسوال نے عمدہ آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 66رن جوڑے۔ جوس بٹلر نے 32 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔اس کے بعد جیسوال بھی 20گیندوں میں 32رن کی اننگ کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ راجستھان کے کپتان سنجوسیمسن نے سب سے زیادہ رن بنائے ۔ انہوں نے 27گیندوں میں 42رن کی اننگ کھیلی۔ شیوم دوبے 35رن بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر (7) اور ریان پراگ (8) ناٹ آئوٹ رہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS