مطالبات کرنا ہر کسی کا حق مگر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں :عمران خان
اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزرا اور حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملکی امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا، جبکہ شرکا کو تحریک لبیک پر پابندی کے فیصلہ پر اعتماد میں لیا گیا۔پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے مگر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور نا ہی پرتشدد احتجاج کر کے ریاست کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے وزیرداخلہ شیخ رشید اور اور وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کو صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تمام صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے پریس کانفرنسز کریں۔ وزیراعظم نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی اداروں نے جس جذبہ کے ساتھ امن قائم کیا قابل تحسین ہے۔ اس سے قبل رحمت العالمینؐ اسکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیؐ دنیا کے سب سے عظیم انسان ہیں اور ان کی تعریف نہ صرف مسلمان بلکہ غیرمسلم بھی کرتے ہیں، لیکن میں آج تک نہیں دیکھا کہ ہم نے اپنے زندگیوں کو نبی ؐ کی سیرت اور تعلیمات میں ڈھالا ہو، ہم مسجد میں تو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں لیکن مسجد سے باہر یہ کام نہیں ہوتا، جب کہ قرآن کہتا ہے کہ نبی کریمؐ کی زندگی سے سیکھو اور ان کی سنت پر چلو۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ ہم اپنے نبی اکرمؐ کی تعلیمات کو عام آدمی کی زندگی میں لے کر آئیں اور ان کی سنتوں کو عام کریں، اپنی زندگیاں ری ماڈل کرناہماری سب سے بڑی کاوش ہوگی، تعلیم کے بغیر کوئی قوم اوپر نہیں جا سکتی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی قائم ہونے تک معاشرہ اوپر نہیں آسکتا، طاقت ور کو قانون کے نیچے لانے تک قوم اوپر نہیں جاسکتی، کمزور شخص جتنی بڑی چوری بھی کرلے لیکن وہ لندن میں فلیٹ نہیں لے سکتا، لیکن طاقتور آدمی اربوں کی چوری کرتا ہے اور اسے باہر لے جانا پڑتا ہے کیونکہ اگر وہ پیسہ ملک میں رہے گا تو سب کو نظر آئے گا، عام آدمی کو انصاف ملے تو وہ اپنے ملک سے پیار کرے گا، انصاف کی بالادستی اور تعلیم سے ہی ہمارا ملک فلاحی ریاست بنے گا۔
ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS