نئی دہلی، یکم اپریل : حکومت نے پیشہ ورانہ حفاظت، صحت اور کام کے مقامات کے معیار کے التزامات کا جائزہ لینے کے لئے سرکاری اور نجی شعبے کے نمائندوں اور ماہرین پر مشتمل تین کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔
مرکزی وزارت محنت و روزگار نے جمعرات کے روز بتایا کہ پیشہ ورانہ حفاظت، صحت اور کام کے مقامات کے ضوابط 2020′ کے تحت تین کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں۔ یہ کمیٹیاں فیکٹریوں، گوداموں اور عمارتوں کی تعمیرات میں کام کرنے والے مزدوروں کے لئے پیشہ ورانہ صحت کی حفاظت اور کام کی جگہوں کے معیارات کا جائزہ لیں گی اور موجودہ حالات کے مطابق تبدیلیوں کی سفارش کریں گی۔
فیکٹریوں اور گوداموں میں کام کرنے والوں کے لئے ممبئی میں واقع فیکٹری کنسلٹنگ اینڈ لیبر انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل ڈاکٹر آر کے ایلنگوان کی صدارت میں ایک جائزہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ تعمیراتی مزدوروں کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کی صدارت چنئی میں واقع ایل این ٹی ہائیڈرو کاربن کے نائب صدر پی ایل این مورتی کریں گے، اور فائر سیفٹی سے متعلق امور کی جائزہ کمیٹی کی سربراہی وزارت داخلہ کے فائر کنسلٹنٹ ڈی کے شمی کریں گے۔
وزارت نے کہا ہے کہ متعلقہ التزامات کا طویل عرصے سے جائزہ نہیں لیا گیا ہے، جبکہ کام کاج کے حالات مسلسل بدلتے رہے ہیں۔
وزارت محنت و روزگارنے کہا کہ تینوں کمیٹیاں فیکٹری ایکٹ 1948، ورکرس (سیفٹی اینڈ ہیلتھ ویلفیئر) رولز 1990 اور بلڈنگ اور دیگر تعمیراتی مزدور (ضابطے و خدمات) سنٹرل رولز 1998 کے تحت التزامات کا جائزہ لیں گی۔
کمیٹیوں کی تشکیل پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر محنت و روزگار مسٹر سنتوش کمار گنگوار نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بہت ساری فیکٹریوں میں آگ لگنے کے واقعات اور دیگر حادثات پیش آئے، جس کی وجہ سے بہت ساری فیکٹریوں کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے اور متعدد جانیں بھی ضائع ہوچکی ہیں۔ اس لیے کام کی جگہوں پر حفاظت اور سازگار ماحول سے متعلق التزامات کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس عمل سے پورے ملک میں کام کی جگہوں پر مزدوروں کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے گا متعلقہ دفعات میں پورے ملک میں یکسانیت آئے گی۔اس سے مزدوروں کی استعداد ، ہنرمندی میں اضافہ ہوگا اور پیداور بھی بڑھے گی۔
پیشہ ورانہ حفاظت، صحت اور کام کے مقامات کے معیار کے لئے جائزہ کمیٹیوں کی تشکیل
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS