ممبئی ( ایجنسیاں): بامبے ہائیکورٹ نے ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ کی عرضی پر انہیںہی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کیا مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ قانون سے بالاتر ہیں۔ مہاراشٹر کے وزیرداخلہ کے خلاف سی بی آئی جانچ کے مطالبے پربامبے ہائی کورٹ میں داخل پرم بیر سنگھ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے کہا کہ اس معاملے میں آپ نے وزیر داخلہ کے خلاف ایف آئی آر درج کیوں نہیں کرائی؟ عدالت نے کہا کہ آپ نے انل دیشمکھ پر سنگین الزامات لگائے ہیں، لیکن ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کرائی ہے۔ عدالت نے کہا کہ کسی رپورٹ کے بغیرسی بی آئی جانچ کیسے کرائی جاسکتی ہے۔عدالت نے پرم بیر سنگھ کی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ آپ پولیس کمشنر رہے ہیں۔ آخر آپ کیلئے قانون کو حاشیہ پر کیوں رکھاجائے؟ کیا پولیس افسران، وزیر اور رہنما قانون سے بالاتر ہیں؟ اپنے آپ کو بہت اوپر مت سمجھئے۔ قانون آپ کے اوپر ہے۔ بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سی جے دتہ نے کہا کہ کسی بھی معاملے کی تفتیش کیلئے ضروری ہے کہ ایف آئی آر بھی درج ہو۔ اس سے آپ کو کس نے روکا؟ بادی النظرمیں ہم مانتے ہیں کہ ایف آئی آر کے بغیر کوئی تفتیش نہیں ہو سکتی۔
ممبئی پولیس کمشنر کے عہدے سے ہٹائے جانے اور ہوم گارڈز ڈپارٹمنٹ کا ڈی جی بنائے جانے کے بعد پرم بیر سنگھ نے وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کو ایک خط لکھ کرالزام لگایا تھا کہ وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے انہیں ممبئی سے ماہانہ 100 کروڑ روپے کی وصولی کا ٹارگیٹ دیا تھا۔یہ وصولی بار اور ریستوراں سے کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اس خط کی بنیاد پر پرم بیر سنگھ نے عدالت میں درخواست دائر کی۔ اس سے قبل انہوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، لیکن عدالت عظمیٰ نے سماعت سے انکار کردیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ انل دیشمکھ پر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں ، لیکن آپ کو پہلے ہائیکورٹ جانا چاہئے۔بدھ کے روز درخواست کی سماعت کے دوران پرم بیر سنگھ نے عدالت میں کہاکہ شہر میں پولیس محکمہ کے اعلیٰ عہدے پر فائز شخص نے یہ حقائق پیش کئے ہیں۔ یہ الزامات ایک ایسے شخص نے لگائے ہیں، جو پچھلے 30 سالوں سے پولیس کی سروس میں ہے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ اگرچہ آپ پولیس کمشنر رہ چکے ہیں ، لیکن آپ قانون سے بالاتر نہیں ہیں۔ آپ کو ایف آئی آر درج کرانی چاہئے تھی اور اس کے بغیر کوئی تفتیش نہیں کی جاسکتی ہے۔ عدالت نے کہاکہ آپ کہہ رہے ہیں کہ انل دیشمکھ کے خلاف جانچ سی بی آئی کو دی جانی چاہئے، لیکن ایف آئی آر کہاں ہے، ایف آئی آر کے بغیر کوئی تفتیش سی بی آئی کے حوالے نہیں کی جاسکتی ہے۔
’انل دیشمکھ کے خلاف ایف آئی آر کیوں نہیں ‘
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS