نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک جلد ہی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کو ’امرت مہوتسو‘کے طور پر منائے گا اور اس موقع پر ہر کسی کو ملک کو خوشحال، ترقی اور شاندار بنانے کا عزم کرنا ہے۔
مودی نے ریڈیو پر اتوار کے روز شائع اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘میں کہا،’دیکھیے کتنا بڑا خوشگوار اتفاق ہے، آج مجھے 75 ویں’من کی بات‘ کرنے کا موقع ملا اور یہی مہینہ آزادی کے 75 سال کے ’امرت مہوتسو‘ کے آغاز کا بھی ہے۔ امرت مہوتسو، دانڈی مارچ کے دن شروع ہوا تھا اور 15 اگست 2023 تک جاری رہے گا۔ ’امرت مہوتسو‘ سے متعلق پروگرام پورے ملک میں مسلسل ہو رہے ہیں، مختلف مقامات سے ان پروگراموں کی تصاویر، اطلاعات عوام شیئر کر رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا،’نمو ایپ پر ایسی ہی کچھ تصاویر کے ساتھ جھارکھنڈ کے نوین نےمجھے پیغام بھیجا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ انہوں نے ’امرت مہوتسو‘کے پروگرام دیکھا اور طے کیا کہ وہ بھی جنگ آزادی سے وابستہ کم از کم 10 مقامات پر جائیں گے۔ ان کی فہرست میں پہلا نام، بھگوان برسا مُنڈا کی جائے پیدائش کا ہے۔ نوین نے لکھا ہے کہ جھارکھنڈ کے آزادی کے قبائلی مجاہدین کی کہانیوں کو وہ ملک کے دوسرے حصوں میں پہنچائیں گے۔ بھائی نوین، آپ کی سوچ کے لیے میں آپ کو مبارکباد دیتا ہوں‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسی مجاہد آزادی کی جد و جہد کا بیان ہو، کسی مقام کی تاریخ ہو، ملک کی کوئی ثقافتی کہانی ہو، ’امرت مہوتسو‘ کے دوران اسے ملک کے سامنے لایا جا سکتا ہے اور ملک کے باشندوں کو اس سے جوڑنے کا کام کیا جا سکتا ہے۔ ایسا کرنے سے دیکھتے ہی دیکھتے ’امرت مہوتسو‘ ایسے کتنے ہی ترغیبی انمول نکات سے بھر جائے گا اور پھر ایسی ’امرت دھارا‘ بہے گی جو ہمیں ہندوستان کی آزادی کے 100 برس تک تحریک دے گی۔ ملک کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی، کچھ نہ کچھ کرنے کا جذبہ پیدا کرے گی۔
’امرت مہوتسو‘کے موقع پر ملک کو مزید خوشحال بنانے کا عزم کرنا ہے: مودی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS