Image:Business Standard

ممبئی: وزیر مملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ ہندوستانی معیشت میں اب ’وی-شکل‘کی بہتری دکھائی دینے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت میں بہتری کے اشارے ہیں۔ وی – شکل کی بہتری سے مراد تیز گراوٹ کے بعد معیشت کی تیزی سے بحالی ہے۔
ٹھاکر نے ایک ورچوئل کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہندوستان نے پہلے ہی وی- شکل کی بہتری دکھائی دینے لگی ہے۔ مختلف شعبوں کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔ فروری میں ملک میں 25,787 کروڑ روپے کی راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) آئی ہے۔‘ مسلسل 2سہ ماہیوں میں بھاری گراوٹ کے بعد اکتوبر-دسمبر کی سہ ماہی میں ہندوستانی معیشت نے 0.4 فیصد کی مثبت نمو درج کی ہے۔ ٹھاکر نے کہا کہ ملک کا غیر ملکی کرنسی ذخیرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ جنوری 2021 میں 590 ارب ڈالر کی اپنی ہمیشہ کی اعلیٰ ترین سطح پر پہنچ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران غیر ملکی کرنسی ذخیرہ 100 ارب ڈالر بڑھا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ’یہ بھروسے کا اشارہ ہے۔ بین الاقوامی فنڈ اور سرمایہ کار ہندوستان کو سرمایہ کاری کے منزل کے طور پر دیکھتے ہیں۔ وہ ہندوستان کی ترقی کی کہانی کو لے کر مثبت ہیں۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS