آلودہ مقامات میں اوڈیشہ سرفہرست

0
Image:DNA News

یوپی دوسرے مقام پراور قومی راجدھانی دہلی تیسرے نمبرپر
نئی دہلی :مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ(سی پی سی بی) کے اعدادوشمار کے مطابق قومی راجدھانی دہلی سب سے آلودہ شہروں والی ریاستوں اور زیر مرکز ریاستوں کی فہرست میں تیسرے مقام پر ہے۔ ہندوستان میں 112 مقامات ایسے ہیں، جو زہریلے اور خطرناک اشیاء سے آلودہ ہیں۔
سی پی سی بی کے مطابق ملک میں 168 مقامات ایسے ہیں، جو آلودہ ہوسکتے ہیں، لیکن اس سلسلے میں جانچ اور تصدیق کئے جانے کی ضرورت ہے۔ آلودہ مقامات کی فہرست میں اوڈیشہ سرفہرست ہے، جہاں 23 آلودہ مقامات ہیں۔ اس کے بعد اترپردیش کا نمبر ہے، جہاں 21 آلودہ مقامات ہیں۔ وہیں دہلی 11 آلودہ مقامات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
دہلی میں آلودہ مقامات میں بھلسوا اور غازی پور لینڈ فل کے علاوہ جھلمل، وزیرپور، نیوفرینڈس کالونی، دلشاد گارڈن اور لارینس روڈ صنعتی علاقے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قومی راجدھانی میں12 ایسے مقامات ہیں، جن کے آلودہ ہونے کا خدشہ ہے۔مرکزی ماحولیات وزارت کے مطابق آلودہ مقام ایسے علاقے ہیں، جہاں انسان کے ذریعہ تیار زہریلی اور خطرناک اشیاء اتنی زیادہ مقدار میں ہیں، جن سے انسانی صحت اور ماحولیات کو خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ ممکنہ آلودہ مقام ایسے علاقے ہیں، جہاں مبینہ طور پر زہریلی اشیاء ہیں، لیکن سائنسی طریقے سے اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS