جموں: جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کی طرف سے جموں میں ایندھن کی مہنگائی اور جائیداد
ٹیکس کے خلاف احتجاجوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ کمیٹی کے کارکنوں نے سینئر پارٹی لیڈر رمن بھلہ کی
سربراہی میں ہفتہ کے روز بخشی نگر میں گیس سلنڈر کا جنازہ نکال کر احتجاج درج کیا۔ احتجاجی موجودہ سرکار کے خلاف
جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر رمن بھلہ نے میڈیا کو بتایا کہ کانگریس نے ایندھن کی مہنگائی کے خلاف مہم چھیڑی ہے جو تب تک جاری رہے
گی جب تک رسوئی گیس، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو کم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے غریب عوام کی
کمر توڑ کے رکھ دی ہے لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رسوئی گیس میں مہنگائی کے باعث
خواتین ایک بار پھر لکڑی استعمال کرکے چولہے جلانے لگی ہیں۔ بھلہ کا الزام تھا کہ موجودہ سرکار غریب عوام کی بجائے
امبانی اور اڈانی کا خیال رکھتی ہے۔ ایک اور لیڈر نے بتایا کہ کانگریس کا مہنگائی کے خلاف احتجاجوں، مارچوں اور دھرنوں
کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں کو کم کیا جائے۔ایک
کانگریس ورکر نے میڈیا کو بتایا کہ کانگریس کے لگاتار احتجاجوں کے باوجود موجودہ سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکار امبانی اور اڈانی کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سرکار نے دفعہ 370 ہٹایا جو
جموں کے لوگوں کے بھی خلاف ہے۔ ان کا الزام تھا کہ موجودہ سرکار ملک مخالف اور عوام مخالف سرکار ہے۔ انہوں نے کہا
کہ ہمارا مقصد لوگوں کو جگانا ہے تاکہ وہ سرکار کے خلاف کھڑے ہو کر اپنے بچوں کے مستقبل کو بچا سکیں۔
کانگریس کا ایندھن کی مہنگائی کے خلاف احتجاج جاری
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS