آبادی کا 40 فیصد کو بے روزگار کرنے کی سازش

کاروبار کو صرف 2 صنعت کار دوستوں کے حوالے کرنے کی تیاری:راہل گاندھی

0

اجمیر، (یواین آئی)
کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے کہا کہ مرکز میں مودی حکومت نے تینوں زرعی قوانین کے ذریعہ ملک کے 40 فیصد لوگوں کو بے روزگار کرنے کی سازش کی ہے۔
اپنے 2 روزہ راجستھان دورے کے دوسرے روز اجمیر ضلع کے روپ نگر میں منعقدہ کسانوں کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے 40 فیصد لوگوں کے کاروبار کو صرف 2 صنعت کار دوستوں کے حوالے کرنے کی تیاری کی ہے۔ اس سے کسان، چھوٹے تاجر، غریب، مزدور، ریڑھی پٹری والے سب بے روزگار ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے قانون کا ہدف سب سے بڑے صنعت کار پورے ملک میں جتنا بھی اناج، پھل اور سبزیاں چاہیں رکھ سکتے ہیں۔ ابھی اناج، پھل اور سبزیوں کا تقریباً 40 فیصد کاروبار ان دونوں صنعتکاروں کے ہاتھ میں ہے۔ زرعی قوانین کے نفاذ کے بعد ان کا زراعت کے 80 سے 90 فیصد کاروبار پر قبضہ ہو جائے گا۔ اس سے منڈیوں کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس سے کسان، فروٹ فروش، سبزی فروش، ریڑھی پٹری والے بے روزگار ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسان مر جائیں گے لیکن ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ دوسرا قانون ذخیرہ اندوزی میں اضافہ کرنے کا ہے۔ اس کے تحت صنعت کاروں کے ذریعہ اناج، پھل اور سبزیاں خرید کر اسٹور کر لیں گے اور انہیں ذخیرہ کریں گے اور بعد میں ان کاشتکاروں کو زیادہ قیمتوں پر فروخت کریں گے۔ اس سے کاشت کار تباہ ہوجائیں گے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ تیسرے قانون کے تحت کوئی کسان صنعت کاروں سے اپنی اپج کی صحیح قیمت مانگنے کے لئے عدالت میں جاکر اپنی بات رکھنے کا حق نہیں مل سکے گا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد مودی سرکار نے جی ایس ٹی، نوٹ بندی سے پہلے چھوٹے تاجروں، مزدوروں اور کسانوں کو ہراساں کیا ہے۔ ان تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کے لئے مودی سرکار پر دباؤ ڈالنا صرف کسانوں کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ یہ مزدوروں، چھوٹے تاجروں اور نوجوانوں اور ہندوستان کے تمام لوگوں کی ذمہ داری ہے۔ یہ نہ صرف زراعت کی بات ہے بلکہ بھارت ماتا کا معاملہ ہے۔
مودی کے کسانوں سے بات چیت کرنے کے بیان پر کہا کہ مودی جی پہلے تینوں زرعی قوانین واپس لیں تبھی کسان ان سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کسانوں کے گھر میں ڈاکہ ڈال رہے ہیں اور دوسری طرف بات کرنے کی دعوت بھی دے رہے ہیں۔ اس سے قبل سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ کی سربراہی میں کانگریس کارکنوں نے راہل گاندھی کا کشن گڑھ ہوائی اڈہ پر پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے بعد وہ اجمیر ضلع کے سورسارا گاؤں میں لوک دیوتا ویر تیجاجی کے مندر پہنچے اور وہاں پوجا کی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، ریاستی انچارج اجے ماکن، ریاستی کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، طبی وزیر رگھو شرما، وزیر زراعت لال چند کٹاریا اور دیگر ان کے ساتھ موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS