یوپی بورڈ ہائی اسکول و انٹرمیڈیٹ کے امتحان24اپریل سے

0

لکھنؤ: ایشیاء کے سب سے بڑے تعلیمی بورڈ اترپردیش سیکنڈری ایجوکیشن کونسل(یوپی بورڈ) نے بدھ کو سال 2021 کے ہائی اسکول و انٹر میڈیٹ کے امتحان کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے ۔ 10ویں و 12ویں کے امتحانات 24اپریل سے شروع ہوکر 12مئی کو ختم ہونگیں۔وزیر تعلیم و نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما نے بتایا کہ سال 2021کے ہائی اسکول و انٹر میڈیٹ کے امتحانات ایک ساتھ 24اپریل 2021 سے شروع ہونگے ۔ ہائی اسکول کے امتحانات 12 کام کے دنوں میں منعقد ہوکر 10مئی کو اختتام پذیر ہوںگے ۔جبکہ انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی مدت 15دنوں پر محیط ہوگی اور 12مئی 2021 کو مکمل ہونگے ۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال 2020 میں بھی ہائی اسکول کے امتحانات 12دنوں میں اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات 15دنوں میں مکمل ہوئے تھے ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ سال 2021 ہائی اسکول امتحان میں 1674022طلبا اور 1320290طالبات کے ساتھ کل 2994312امیدوار اور انٹر میڈیٹ کے امتحان میں 1473771 لڑکے اور 1135730لڑکیوں سمیت کل 2609501امیدوارمندرج ہیں۔ دونوں امتحانات میں مجموعی طور سے 3147793لڑکے اور 2456020لڑکیوں سمیت کل 5603813امیدوار مندرج ہیں۔ سال 2020 کے ہائی اسکول میں 3024480اور انٹر میڈیٹ کے امتحان میں 2586339سمیت 5610819امیدواروں نے امتحان کے لئے اپنا اندراج کرایا تھا۔نائب وزیر اعلی نے امتحان میں شرکت کرنے والے طلبا وطالبات کوپیغام دیا ہے کہ امتحان کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے ، طلبا و طالبات کو امتحان کی تیاری کا کافی وقت ملا ہے، امتحان کو ایک تیوہار مانتے ہوئے خوش و خرم امتحان میں شریک ہوں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS