عام آدمی پارٹی کے سنجے سمیت تینوں ممبران پارلیمنٹ ایوان بالا سے دن بھر کیلئے معطل

0

نئی دہلی:  عام آدمی پارٹی (آپ) کے تینوں ممبران پارلیمنٹ سنجے سنگھ ،سشیل کمار گپتا اور این ڈی گپتا  کو کسانوں کے معاملے پر راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ آرائی  کے سبب  بدھ کے روز دن  بھر کے لئے  معطل کردیا گیا۔
چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو نے وقفہ صفر کے بعد صدر کے خطاب پر مباحثہ شروع کرانے کی کوشش کی،اس کے بعد ’آپ‘ کے سنجے سنگھ ، سشیل کمار گپتا اور این ڈی۔ گپتا اپنی اپنی  نشتوں پر کھڑے ہوگئے اور نعرے لگانے لگے۔ انہوں نے ’زرعی قوانین ختم کرو‘کے نعرے لگائے۔
 نائیڈو نے کہا کہ صدر کے خطاب پر مباحثہ کے دوران کسانوں کے معاملے پر بحث کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ ایسی صورتحال میں ان اراکین کا ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنا غیرمناسب ہے۔ یہ لوگ کسانوں کے معاملے پر واقعتا بحث نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے تینوں ممبران سے درخواست کی کہ وہ پرسکون ہوجائیں اور ایوان کی کارروائی کو چلنے دیں،لیکن اس پر تینوں ارکان  نعرے  لگاتے رہے۔
اس کے بعد نائیڈو نے تینوں ارکان پارلیمنٹ کو  ضابطہ 255 کے تحت ایوان کی کارروائی سے خارج  کئے جانے کی تنبیہہ کی  لیکن ان  اراکین پر کوئی اثر نہیں ہوا اور وہ نعرے  لگاتے رہے۔
اس پر چیئرمین نے کہا کہ ان تینوں ممبروں کو دن بھر کے لئے ایوان کی کارروائی سے خارج کیا جارہا ہے ،اس کے بعد انہوں نے تینوں ممبروں کو دن  بھر کے لئے ایوان چھوڑنے کا حکم دیا اور ساڑھے نو بجے پانچ منٹ  کیلئے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی ۔
اس سے قبل ایوان کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے نائیڈو نے ایوان کو بتایا کہ صدر کے خطاب پر تشکر کے مباحثے کا وقت بڑھا کراب  15 گھنٹے کردیا گیا ہے ، اس بحث میں کسانوں کے معاملے پر بھی  مباحثہ ہوں گے۔
ایوان میں قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد نے کہا کہ روایت کے مطابق صدر کے خطاب پر اظہار تشکر بحث سے پہلے کسی اور مسئلے پر بات نہیں کی جاسکتی ہے۔ لہذا ، اس بحث کے دوران کسانوں کے معاملہ پر بھی بات کی جائے گی۔ اپوزیشن پارٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بحث ومباحثے کے وقت کو پانچ گھنٹے مزید بڑھائے جائیں۔ صدر کے خطاب پر اظہار  تشکر پر مباحثہ کاوقت 10 گھنٹے مقررتھا۔ ایوان کے تمام اراکین نے اس کی تائید کی۔
ایوان  کی کارروائی پانچ منٹ تک ملتوی رہنے کے بعد صدر کے خطاب پر اظہار تشکر پر بحث کا آغاز ہوا۔ اس بحث کا آغاز بھارتیہ جنتا پارٹی کے  رکن بھونیشور کلیتا نے کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS