اے ایم یو میں بابائے قوم مہاتما گاندھی ودیگر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش

0

علی گڑھ : بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم شہادت پر 30جنوری کو منائے جانے والے یومِ شہیداں پر آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں مقررہ وقت پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے بابائے قوم اور دیگر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ صبح 11 بجے یونیورسٹی میں سائرن بجتے ہی مختلف شعبوں، فیکلٹیوں، اسکولوں اور دفاتر میں اساتذہ، طلبہ اور غیرتدریسی عملے کے اراکین حسبِ روایت کھڑے ہوگئے اور دو منٹ تک خاموش رہ کر گاندھی جی کی قربانیوں کو یاد کیا۔ کامرس شعبہ میں پروفیسر نواب علی خان اور ڈاکٹر نغمہ اظہر و ڈاکٹر اسلم خان سمیت دیگر اساتذہ اور ملازمین نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یونیورسٹی کے بیگم سلطان جہاں ہال میں پرووسٹ ڈاکٹر سائرہ مہناز نے وارڈن اور ملازمین کے ہمراہ یوم شہیداں منایا اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 
اے ایم یو کے عبداللہ اسکول، اے ایم یو سٹی گرلز اسکول سمیت دیگر اسکولوںمیں بھی یوم شہدا پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول ، قاضی پاڑہ میں صبح 10:55 پر سبھی طالبات نے آن لائن طریقہ سے پروگرام میں شرکت کی اور 11 بجے سے طالبات اور اساتذہ نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔اس کے علاوہ بارہ بجے شہیدان وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں وائس پرنسپل محمد جاوید اختر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اسکول کے استاد محمد طارق حفیظ نے انگریزی میں تقریر کی جبکہ درخشاں نیر نے ہندی میں اپنی ایک نظم پیش کی۔ پروگرام کی نظامت اسمتا چودھری نے کی۔ یہ پروگرام اسکول پرنسپل ڈاکٹر محمد عالمگیر کی نگرانی میں اختتام پذیر ہوا۔ عبداللہ اسکول میں سپرنٹنڈنٹ عمرہ ظہیر ، اے ایم یو گرلز اسکول کی پرنسپل آمنہ ملک اور ہندی شعبہ کی استاد پروفیسر عفت اصغر نے تدریسی و غیرتدریسی عملہ کے اراکین، بچوں اور ان کے سرپرستوں کے ہمراہ 2 منٹ کی خاموشی اختیار کرکے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
سکندر آباد: قائد اعظم مہاتما گاندھی کے یوم شہادت کے موقع پر بھارت کی آزادی کی تحریک میں شہید ہونے والے مجاہدین کی یاد میں کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں ضلع مجسٹریٹ روندر کمار اور کلکٹریٹ کے افسران وملازمین کے ذریعہ 2منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے مہاتما گاندھی اور ملک کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اسی طرح ضلع کپتان بلند شہر سنتوش کمار سنگھ، اے ایس پی شہر سریندر ناتھ تیواری، اے ایس پی دیہات ہریندر کمار اور دیگر افسران وملازمین کے ذریعہ پولیس آفس کمپاؤنڈ میں بھارت کی آزادی کی تحریک میں جاں نثار کرنے والے شہیدوں کی یاد میں 2منٹ خاموشی اختیار کرکے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
کانٹھ: بلاک کانگریس کمیٹی نے آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 72ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کانگریسی مقررین نے اپنے اظہار خیال کے دوران کہاکہ آج ہم جو اپنے ملک میں آزادی کے ساتھ سانس لیتے ہیں اس میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کا اہم رول ہے ہمیں ان کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ملک کو آگے لے جانا ہے۔ میٹنگ میں مہاتما گاندھی کی تصویر پر گلپوشی کرکے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ صدارت جعفر علی اور نظامت فیروز انور نے کی جبکہ ماسٹر پریم سنگھ، رئیس الدین، رام سروپ، حاجی نسیم احمد، ڈاکٹر سراج الدین انصاری کی شرکت اہم رہی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS